
فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت کرتے ہیں، ثروت اعجاز قادری
شیعہ نیوز:پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ فلسطین کے عوام پر اسرائیلی جارحیت عالمی چارٹر کی خلاف ورزی اور کھلی دہشتگردی ہے، پاکستان اور پوری مسلم اُمہ فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اسرائیل جعلی ریاست ہے، ان میں اور ہٹلر میں کوئی فرق نہیں ہے، او آئی سی اسرائیلی جارحیت کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر عید ملن پارٹی میں فلسطین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر فلسطین میں شہید ہونیوالوں کے بلند درجات کیلئے دعا بھی کی گئی۔ ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے نہتے فلسطینی عوام پر بمباری و جارحیت بند نہ کی، تو علماء کرام سے اپیل کرینگے کہ حالات کے تناظر میں جہاد کیلئے فتویٰ دیں۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے مظلوموں کو اسرائیلی دہشتگردی سے نجاتے دلانے کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرے، پاکستان نے فلسطین اور کشمیر کیلئے جہاد کا اعلان کیا، تو اول صف میں کھڑے ہوکر ظالموں اور غاصبوں سے نجات دلا دینگے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری فلسطینیوں کے خلاف غیر قانونی طاقت کے استعمال کو رکوائے، انصاف کی بالادستی کو یقینی بناکر ہی دنیا میں پائیدار امن کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ جانبداری کے خول سے باہر نکل کر انصاف پر مبنی فیصلے اور ظالموں کو عالمی قوانین کی طاقت سے روکے، اسرائیل ناجائز ریاست ہے، فلسطین سے غاصبانہ قبضہ ختم کرایا جائے۔