سعودی اتحاد کی وحشیانہ بمباری کے جواب میں یمنی فورسز کی ڈرون کارروائی
شیعہ نیوز:یمنی فورسز نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے خمیس مشیط میں واقع سعودی فوجی چھاؤنی پر ڈرون سے کارروائی کی ہے۔
العربیہ ٹی وی چینل نے حملہ آور سعودی اتحاد کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ جمعرات کو علی الصباح خمیس مشیط پردو ایسے ڈرون فائر ہوئے جو اپنے اہداف سے ٹکرا کر پھٹ جاتے ہیں۔
سعودی اتحاد نے دعوی کیا کہ اس نے ان ڈرون کو اہداف پر لگنے سے پہلے ہی ہوا میں ناکام بنا دیا۔
حالیہ دنوں میں سعودی اتحاد کے یمن کے مختلف علاقوں منجملہ مآرب اور صعدہ پر باربار حملوں کے جواب میں یمنی فورسز نے ڈرون کارروائیاں کی ہیں۔
یمن پر سعودی اتحاد کے حملے ایسی حالت میں ہو رہے ہیں کہ یہ اتحاد یمن میں جنگ بندی کے لئے رضامند ہونے کا دعوی کرتا ہے۔
یمن کی قومی اتحاد کی حکومت کا کہنا ہے کہ یمنی فورسز کی کارروائیاں سعودی اتحاد کے حملوں کا قانونی جواب دینے کے حق کے تحت انجام پا رہی ہے اور جب تک سعودی عرب یمن پر اپنی مسلط کردہ جنگ نہیں روکتا، جنگ بندی کی پیشکش بے معنی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب امریکہ، یو اے ای اور کئی دوسرے ملکوں کی حمایت سے یمن پر مارچ 2015 سے حملے کر رہا ہے جس میں اب تک 20 ہزار سے زیادہ یمنی شہید، دسیوں ہزار زخمی اور دسیوں لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں۔ سعودی عرب نے یمن کی زمینی، ہوائی اور سمندری ناکہ بندی کر رکھی ہے، جسکی وجہ سے یمن کو متعدد مشکلوں کا سامنا ہے۔