سیکیورٹی فورسز کی لانڈھی میں کارروائی، رزاق آباد حملے میں ملوث 2 دہشتگرد ہلاک
شیعہ نیوز (کراچی) شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پولیس کمانڈوز پر حملے میں ملوث 2 مبینہ کالعدم تحریک طالبان کے دہشت گرد مار دیئے، مقابلے میں اے ایس آئی اور 2 رینجرز اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق کراچی رزاق آباد میں دہشتگردی کے بعد لانڈھی میں سیکیورٹی فورسز نے حملے میں ملوث دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر لانڈھی کے علاقے گلشن بونیر میں چھاپہ مارا۔ رینجرز اور پولیس پہنچی تو دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کر دی جبکہ دستی بم بھی پھینکے، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی اور 2 رینجرز اہلکار زخمی ہوگئے۔ رینجرز اور پولیس کی جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد مارے گئے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق دہشتگردوں کا تعلق دہشتگرد گروہ کالعدم تحریک طالبان سے ہے جو رزاق آباد ٹریننگ سینٹر کے باہر پولیس کمانڈوز کی بس پر حملے میں ملوث تھے۔