مضامین
ایران کے خلاف اقتصادی پابندیاں امریکہ اور یورپ دونوں کے لئے نقصان دہ
امریکی وزير جنگ نے جھوٹ اور دھمکیوں پر مبنی اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کے خلاف سفارتی اور اقتصادی پابندیاں ایران کے ایٹمی پروگرام کو روکنے کا بہترین چانس ہیں ۔رابرٹ گیٹس نے فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ایران کے ایٹمی پروگرام کا مخالف ہے اور اسکو روکنے کے لئے کسی بھی آپشن کو مسترد نہیں کرتا ۔امریکی وزير جنگ کے یہ بیانات اگرچہ ایران کے خلاف تشہیری مہم کا حصّہ ہیں لیکن دوسری طرف امریکہ کی مختلف تجارتی کمپنیاں اور اقتصادی اداروں کے عہدیدار ایران پر لگائی جانے والی پابندیوں کے نتائج سے پریشان ہیں اور ان پابندیوں کو اپنی تجارت اور کمپنیوں کے لئے نقصان دہ قرار دیتے ہیں ۔ ہانگ کانگ سے شائع ہونے والے اخبار ایشیا ٹائمز نے اپنے تازہ ترین شمارے میں امریکی ایوان تجارت کے نام بھیجے گئے ایک خط کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ایران پر لگائی جانے والی پابندیوں کے امریکی تجارت پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں اور ایران کے ساتھ لین دین کرنی والی کمپنیوں کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ ادھر یورپی یونین کے بعض اراکین نے لکسمبرگ میں منعقدہ اپنے اجلاس میں ایران کے خلاف عائد کی گئی یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کی ہے ۔بعض تجزيہ کاروں کے مطابق یورپ کے توانائی کے سیکٹر میں ایران کا کردار انتہائی اہم ہے اور اسکا ان ملکوں کی اقتصادی نظام سے گہرا تعلق ہے لہذا یہ ممالک ایران پر پابندیوں کے مخالف ہیں ۔عالمی سیاست پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کے مسئلے کا واحد حل مذاکرات اور سفارتی بات چیت ہے اور اسلامی جمہوریۂ ایران نے بارہا کہا ہے کہ وہ مقابلے کی سیاست کی بجائے تعاون کی سیاست پر یقین رکھتا ہے اور حالیہ تہران اعلامیہ بھی اسی موقف کا واضح مظہر ہے ۔ اسلامی جمہوریۂ ایران نے اس حوالے سے ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کو ایک خط بھی ارسال کیا ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ امریکہ، روس، فرانس اور آئی اے ای اے پر مشتمل ویانا گروپ اعتماد سازی کی طرف قدم بڑھائے گا ۔امریکی وزير جنگ کی طرف سے چند روز پہلے لگایا جانے والا یہ الزام کہ ایران کا میزائل پروگرام یورپ کے لئے خطرہ ہے حقیقت میں ایران کے میزائل پروگرام کی غلط تصویر پیش کرنا ہے اور یہ اقدامات نہ صرف منفی ہیں بلکہ این پی ٹی معاہدے کی خلاف ورزي کے زمرے میں بھی آتے ہیں ۔امریکی حکام کے یہ بیانات واضح کررہے ہیں کہ وہ تعاون کے آپشن کو نظر انداز کرکے ایران کے خلاف مہم جوئی پر یقین رکھتے ہیں تا ہم ایران کے خلاف امریکہ کی ماضی کی تمام دشمنیاں اور سازشیں ہمیشہ ناکام رہی ہیں اور ایران اب تک ان سازشوں کے مقابلے میں کامیاب و کامران رہا ہے ۔امریکی وزیر دفاع کے حالیہ بیانات کے برخلاف اس طرح کی پابندیوں سے امریکہ کی کامیابی کا کوئی چانس نہیں ہے اور وہ ایران کو اسکے مسلمہ حقوق اور پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی کے حصول سے نہیں روک سکتا