اُمت مسلمہ کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے، سید علی مرتضی زیدی
شیعہ نیوز ( ملتان) معروف مذہبی اسکالر سید علی مرتضی زیدی نے کہا ہے کہ اُمت مسلمہ کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے، دشمن اسلام ہمارے ہاتھ کاٹنے کے درپے ہے۔ ہمیں اپنے ذاتی اختلافات پس پشت ڈال ایک پرچم تلے جمع ہونا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ملتان ڈویژن کے زیراہتمام ہفتہ وحدت کے حوالے سے ملتان پریس کلب میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید علی مرتضی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ واسرائیل عالم اسلام کے کے سینے میں گھونپے گئے خنجر کی مانند ہیں اگر ہم اب بھی اختلافات میں پڑے رہے تو پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے مسلمان ممالک کا وجود خطرے میں پڑ جائے گا۔ آخر میں اُنہوں نے شہدائے ملت اور بالخصوص اعتزاز حسن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان جیسے شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے قوم کا سر فخر سے بلند ہوتا ہے۔ سیمینار سے آئی ایس او ملتان کے ڈویژنل صدر ڈاکٹر عرفان حیدر، فرخ مہدی، حسنین انصاری اور دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔