پاکستانی شیعہ خبریں

گندم سبسڈی کا خاتمہ گلگت بلتستان حکومت کی عوام دشمنی کا کھلا ثبوت ہے، ایم ڈبلیو ایم

شیعہ نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن اور گلگت بلتستان یوتھ کے زیرِ اہتمام ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی اور گلگت بلتستان میں عوام کو گندم پر دی جانے والی سبسڈی کے خاتمے پر پاکستان پیپلز پارٹی اور گلگت بلتستان حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ احتجاج میں شریک مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پاکستان پیپلز پارٹی مردہ باد، مہدی شاہ مردہ باد، گلگت بلتستان حکومت مردہ باد سمیت متعدد نعرے لکھے ہوئے تھے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی اور گلگت بلتستان یوتھ کے زیر اہتمام منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا مختار امامی، کراچی کے رہنما علی حسین نقوی، عوامی ایکشن کمیٹی کراچی کے مرکزی رہنما مولانا علی محمد اور گلگت بلتستان یوتھ کے رہنما صداقت علی اشتر کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کا استحصال کیا جا رہا ہے اور انتظامیہ کی جانب سے گندم پر سبسڈی کا خاتمہ عوام کو قتل کرنے کے مترادف ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنے حقوق کے حصول کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان ایک ایسا خطہ ہے کہ جہاں سے پورے ملک کو پانی کی فراہمی ہو رہی ہے اور اس پانی سے بجلی بن کر پورے ملک کو سپلائی کی جا رہی ہے لیکن جس سرزمین سے یہ وسائل برآمد ہو رہے ہیں اُس خطے کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں فراہم کی جانے والی گندم پر سبسڈی کے خاتمے کا اعلان حکومت کی نااہلی، بدفعلی اور عوام دشمن ہونے کا کھلا ثبوت ہے۔

شرکائے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اگر گلگت اور بلتستان کے عوام کے بنیادی حقوق کی فراہمی میں رکاوٹوں کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو ملک بھر میں شیعہ او ر سنی عوام مل کر گلگت بلتستان کی طرح نہ ختم ہونے والے احتجاج کا آغاز کر دیں گے اور ملک بھر میں حالات کی سنگینی کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوگی۔ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت بشمول آصف علی زرداری، بلاول بھٹو سے مطالبہ کیا کہ وہ گلگت بلتستان کی مقامی انتظامیہ کے اس فیصلے کا نوٹس لیں بصورت دیگر ملت گلگت بلتستان کے عوام اس عوام دشمن سازش میں ان کو بھی برابر کا شریک کار سمجھیں گے۔ اس موقع پر شرکاء نے مردہ باد پیپلز پارٹی اور شیم شیم کے نعرے لگائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button