توہین اہلبیت، علامہ عباس کمیلی نے میر شکیل الرحمان کی معافی کی درخواست مسترد کردی
شیعہ نیوز (کراچی) جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ اور سابق سینیٹر علامہ عباس کمیلی نے جیو کے معاملے پر میر شکیل الرحمان کی معافی کی درخواست مسترد کر دی۔ ذرائع کے مطابق جنگ جیو نیٹ ورک کے مالک میر شکیل الرحمان نے جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے اور مارننگ شو میں نشر ہونے والے اہلبیت (ع) کے خلاف توہین آمیز مواد پر غیر مشروط معافی کی درخواست کی ہے۔ اس پر علامہ عباس کمیلی نے کہا ہے کہ وہ اس سلسلہ میں ان کے ادارے کیلئے کچھ نہیں کر سکتے کیونکہ یہ اللہ کی حدود کا معاملہ ہے، اس سلسلہ میں ایک انسان کچھ نہیں کر سکتا۔ ذرائع کے مطابق میر شکیل الرحمان نے تقریباً نصف گھنٹہ تک ٹیلی فون پر بات کی اور کوشش کی کسی طرح سے علامہ کمیلی مان جائیں تاہم وہ اپنے موقف پر ڈٹے رہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میر شکیل الرحمان نے کئی مذہبی جماعتوں سے رابطہ کیا ہے لیکن وہ کوئی ریلیف لینے میں تاحال کامیاب نہیں ہو سکے۔ دوسری جانب جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے بیشتر علاقوں میں جیو کی نشریات بند ہو گئی ہیں۔