حکمرانوں نے گلی گلی کوچہ کوچہ فرقہ واریت پھیلانے کیلئے لشکر تشکیل دیئے، علامہ ناصر عباس جعفری
شیعہ نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے مینار پاکستان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ظالم حکمرانوں نے دہشت گردی کے بیج بوئے اور کراچی سے گلگت تک بے گناہ شیعہ افراد کا قتل عام کرایا اور ہر بار یہی کہا کہ نامعلوم افراد نے دہشت گردی ہے لیکن سانحہ ماڈل ٹاؤن نے ان کے چہروں سے نقاب الٹ دی اور یہ بے نقاب ہو گئے کہ کون قاتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے تمام شہدوں پر سلام ہو اور ڈاکٹر طاہر القادری پر سلام ہو جنہوں نے محبتوں کے چراغ جلا کر نفرتوں کے سامنے دیوار کھڑی کر دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وطن کے بیٹوں کے درمیان وحدت کو فروغ دے لیکن حکومت تو ڈیوائیڈ اینڈ رول کر پالیسی پر عمل پیرا ہونے کے لئے وطن کو ہی کمزور کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے گلی گلی کوچہ کوچہ فرقہ واریت پھیلانے کے لئے لشکر تشکیل دیئے تاکہ ملک کمزور ہو جائے اس کا فائدہ انڈیا کو تھا، امریکہ کو پاکستان اور اسلام کے دشمنوں کو تھا لیکن حالیہ تحریک نے وطن کے بیٹوں کو وحدت کی لڑی میں پرو دیا۔ یہاں ہندو بھی ہیں، سکھ بھی ہیں مسیحی بھی ہیں، شیعہ بھی اور سنی بھی موجود ہیں۔ تفرقہ باز پریشان ہیں کہ اس اتحاد کو کیسے پارہ پارہ کریں لیکن وہ مایوس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے سرپرستوں کے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ضائع ہو چکی ہے، بیرونی ملکوں نے یہاں دہشت گردی کی فیکٹریاں لگائیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب مین شیعہ عالم کو سزائے موت اس لئے دی گئی کہ وہ شیعہ اور سنی کی وحدت کی بات کرتا ہے، ہم پاکستان کے بیٹے ہیں اور ہم اس میں وحدت کے فروغ کیلئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج وطن عزیز کے شیعہ اور سنی ایک دوسرے سے محبت کرنے لگ گئے ہیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ملک میں قیام امن ہماری ترجیح ہے۔ حکمرانوں نے طالبان کو سپورٹ کیا، دہشت گردوں کی حمایت کی۔ آصف زرداری بتائیں طالبان کو اپنے بیٹے کون کہتا تھا، نصیر اللہ بابر کون تھا، کراچی میں آج بھی ہمارے کارکن شہید ہوئے ہیں۔ آصف زرداری بتائیں کون قاتلوں کی سرپرستی کرتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال حکمرانوں کی نگرانی میں یوم عاشورہ پر پر فساد کرایا گیا اور آج بھی وہی انتظامیہ ہمیں ڈرا رہی ہے۔ ہم نہ کل یزید سے ڈرے تھے نہ آج یزید کی اولاد سے ڈرنے والے ہیں۔ ہمارے ڈرائیور اور بچوں کو اٹھانے والے ہمیں نہیں ڈرا سکتے۔ ہم خون کے آخری قطرے تک ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ ہیں۔ میں اصلی راجپوت ہوں۔ میں اس کی اولاد ہوں جس نے انگریزوں کو شکست دی تھی۔ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ جہاں اہلسنت بھائیوں کا پسینہ گرئے گا ہم وہاں اپنا خون گرائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ شہباز شریف کی انتظامیہ اس محرم پر بھی فسادات کرانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول کا غم منانے میں رکاؤٹ ڈالنے والا شہبازشریف یزید کا حامی ہو سکتا ہے حسین کا نہیں۔