خانیوال میں بھی داعش کے حق میں وال چاکنگ، پنجاب حکومت کی بدستور مجرمانہ خاموشی
شیعہ نیوز (خانیوال) عالمی دہشت گرد تنظیم کے حامی کراچی، ملتان، بہاولپورکے بعد اب ضلع خانیوال میں بھی سرگرم ہوگئے ہیں، خانیوال کی تحصیل کبیروالا کے نواحی علاقے عبدالحکیم میں ایک سکول کی دیوار پر ”سلام داعش،آئی ایس آئی ایس، داعش زندہ باد ”الفاظ پر مبنی وال چاکنگ کی گئی ہے، اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راناایاز سلیم کا کہنا تھا کہ تھانہ عبدالحکیم کی حدود میں یہ کاروائی کی گئی ہے جہاں پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا ہے اور ان واقعات کی روک تھام کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔ واضح رہے کہ ابھی تک ملک بھر میں کوئی بھی گرفتاری عمل میں نہیں آئی جس سے ان شرپسند عناصر کے حوصلے روز بروزبلند ہورہے ہیں۔مقامی ذرائع کے مطابق مذکورہ علاقے میں کالعدم سپاہ صحابہ اور کالعدم لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے شر پسندوں نے دولت اسلامیہ عراق و الشام کے نام سے نعرے درج کیے ہیں، لیکن مقامی انتظامیہ ملزمان کے خلاف کسی بھی قسم کی کاروائی کرنے سے گریزاں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں خوف و ہراس اور سخت بے چینی پائی جاتی ہے۔ یاد رہے کہ عبدالحکیم سے میریٹ بم دھماکہ کیس سمیت دہشت گردی کے متعدد جرائم میں ملوث امجد فاروقی جیسے دہشت گردوں کا نیٹ ورک موجود ہے۔