پاکستانی شیعہ خبریں

علامہ رمضان توقیر کا ورلڈ شیعہ فاؤنڈیشن لندن کے سربراہ کے ہمراہ آرمی پبلک سکول پشاور کا دورہ

شیعہ نیوز (پشاور) ورلڈ شیعہ فاؤنڈیشن، لندن، کے سربراہ علامہ سید عاشق حسین نقوی نے شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صدر علامہ محمد رمضان توقیر کے ہمراہ پشاور میں ۱۶/۱۲ ایکشن فورم سے ملاقات کی۔ انہوں نے فورم کے ممبران کے ہمراہ متاثرہ آرمی پبلک سکول کا دورہ کیا اور سکول کے نئے پرنسپل، شہداء کے لواحقین اور سکول میں موجود سانحہ کے عینی شاہدین و زخمی بچوں سے ملاقاتیں کی۔ علامہ محمد رمضان توقیر نے بچوں کے حوصلوں کو سراہا اور ان کو تعلیم حاصل کرنے کی تاکیدکی۔ انہوں نے کہا کہ سکول کے بچوں پر دہشت گردانہ حملہ ظلم کی انتہا ہے۔ یہ ملک و قوم دشمن عناصر، مٹھی بھر دہشتگرد ہمارے بچوں کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتے۔ بچوں کو مخاطب ہو کر انہوں نے کہا کہ آپ اس ملک کا مستقبل ہیں۔ آپ نے اس ملک کی ترقی میں اہم کرادار ادا کرنا ہے۔ علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا کہ بے گناہ شہید بچوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، یہ لہو انشاء اللہ ضرور رنگ لائے گا اور ملک امن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی نے دہشت گردوں کے خلاف جو آپریشن ضرب عضب شروع کیا ہوا ہے، وہ انشاء اللہ ضرور کامیاب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آپریشن ضرب عضب پورے ملک میں شروع کیا جائے، تاکہ کوئی بھی دہشت گرد بچ نہ سکے۔ انہوں نے آرمی پبلک سکول میں شہید بچوں کی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی اور سانحہ کے ان زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی، جو ابھی تک زیر علاج ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button