جے یو آئی اور جماعت اسلامی ضرب عضب کو ناکامیاب بنانا چاہتی ہیں، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز (لاہور) المرکز الاسلامی شاد باغ لاہور میں عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سیاست کو تجارت بنانے والے حکمران لیڈر نہیں ڈیلر ہیں، دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے آرمی چیف کا عزم قومی امنگوں کا آئینہ دار ہے، پنجاب حکومت پولیس سے علماء کی توہین کروا رہی ہے، حکومت سینیٹ میں پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ کا احترام کرے، سینیٹ کا چیئرمین بننا پیپلز پارٹی کا حق ہے، کسانوں پر پولیس کا تشدد قابل مذمت ہے، حکومت کسانوں پر تشدد کے بجائے ان کو جائز حقوق دے، دہشت گردی کے خلاف حکومتی اقدامات صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہیں، حکومت سرمایہ کی بیرون ملک منتقلی روکے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی پالیسی کی وجہ سے ملک بارود کا ڈھیر بن چکا ہے، پاکستان کو کرپشن کی بیماری نے لاغر بنا دیا ہے، حکمران دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے مخلص اور سنجیدہ نہیں۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ استعماری طاقتوں نے جہادی رہنماؤں کے ہاتھوں میں بندوق اور جیبوں میں ڈالر ڈال دیئے ہیں، مک مکا کی سیاست نے جمہوریت کو داغ دار کر دیا ہے، حکمران خوشحال اور عوام کنگال ہو رہے ہیں، کرپشن بھی دہشت گردی کی ایک شکل ہے، مقامی حکومتوں کے بغیر جمہوریت ادھوری ہے، بدعنوانی اور بدانتظامی نے ملک کو کھوکھلا کر دیا ہے، نعرے اور وعدے عوام کا مقدر ہیں، ناکام اور بدنام حکمرانوں کا اقتدار زیادہ دیر نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران لوٹا ہوا پیسہ بیرون ملک لے جا رہے ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ آئی ڈی پیز کی باعزت گھروں کی واپسی کا اعلان خوش آئند ہے، دہشت گردی کے خلاف تیز آپریشن کا کریڈٹ آرمی چیف کو جاتا ہے، جے یو آئی اور جماعت اسلامی ضرب عضب کو ناکامیاب بنانا چاہتی ہیں، 5 فیصد اشرافیہ نے 95 فیصد عوام کو یر غمال بنا رکھا ہے، مظلوم طبقات کا کوئی پرسان حال نہیں۔