سعودی عرب کو یمن میں جارحیت کا کوئی حق نہیں ہے، علامہ قاضی نیاز نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاق المدارس شیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ یمنی عوام باغی نہیں، اپنے جمہوری حق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔شیعہ نیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملی مجلس شرعی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان سے ان کا کوئی تعلق نہیں، جس میں یمن کے شہریوں کو باغی اور غیر ملکی آلہ کار قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تواتر کے ساتھ اس موقف کا اعادہ کرتے آ رہے ہیں کہ مظلوم یمنی عوام جمہوری حقوق کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں جسے امریکی ایما پر غلط رنگ دیا جا رہا ہے نیز سعودی عرب کو یمن میں جارحیت کا بھی کوئی حق نہیں۔ علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ یمن میں جو کچھ ہو رہا ہے اس میں پاکستان کو مداخلت کی بجائے ثالث کا کردار ادا کرنا چاہیے، پاکستان کی جری فوج کرائے پر دینے کے لئے نہیں بلکہ وطن کے دفاع کے لئے ہے۔