Uncategorized

کراچی میں ہلاکتیں حکمرانوں کے گلے کا پھندہ ہیں، علامہ سبطین سبزواری

شیعہ نیوز (پاکستان شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں لوڈشیڈنگ سے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی انسانی ضروریات کی فراہمی ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے، جو ہلاکتیں ہوئی ہیں حکمرانوں کے گلے کا پھندہ ہیں، اور انہیں خدا کے سامنے جوابدہ ہو گا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی اور بے حسی کے باعث اتنی زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ خود ائیر کنڈیشنڈ کمروں اور ٹھنڈے اسمبلی ہالز میں اجلاس کرتے ہیں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں کہ کراچی میں زندہ لوگوں کو بجلی پانی میسر ہے اور نہ ہی مرنے کے بعد قبرستانوں میں جگہ اور غسل کے لئے پانی میسر ہے۔ یہ حکمرانون کے لئے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ وفاقی اور سندھ حکومتوں کی ہلاکتوں کی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالنے کے رویے کی مذمت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر پارلیمنٹ نظر ثانی کر کے ہلاکتوں کے ذمہ داروں کا تعین کر کے قرار واقعی سزا دے۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ انتخابی مہم میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے کرنے والوں کو اب جواب دینا چاہیے کہ ان کے وعدے کہاں گئے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ مجبور لوگوں کی مددکے لئے آگے بڑھیں۔ مخیر حضرات دکھی انسانیت کے لئے دل کھول کر خرچ کریں جبکہ خیراتی ادارے بھی متحرک کردار ادا کریں تاکہ مزید کسی انسانی المیے سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو کراچی میں ہلاکتوں پر سیاست سے بھی گریز کرنا چاہیے۔ جو ذمہ دار ہیں وہ ذمہ داری کو قبول بھی کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button