استحکام، ترقی، خوشحالی اور قیام امن کیلئے ہمہ وقت پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں، ڈاکٹر منوچہر متقی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) اسلامی جمہوری ایران کے سپریم لیڈر اور عالم اسلام کے قائد حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی خصوصی دعوت پر بلوچستان کے جید علماء، سیاسی زعماء اور دینی اسکالرز کا دس رکنی وفد ایران کا آٹھ روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گیا۔ وفد میں تحریک انصاف کے مرکزی لیڈر و سابق وفاقی وزیر اور رکن قومی اسمبلی محمد اسحاق خان خاکوانی، امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی، جمعیت علماء پاکستان کے صوبائی رہنما مولانا عبدالقدوس ساسولی، صوبائی خطیب مولانا انورالحق حقانی، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنما مولانا عبدالرحیم رحیمی، بین الاقوامی اسلامی اسکالر اور خطیب ڈاکٹر عطا الرحمان، انٹرنیشنل اسلامی الحمد ییونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیل روشن، سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئیر ایڈووکیٹ طارق محمود بٹ اور مفتی سعید شامل تھے۔ ایران کے سابق وزیر خارجہ اور ڈائریکٹر جنرل تقریب المذاہب اسلامی ڈاکٹر منوچہر متقی نے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا اور وفد کا استقبال کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر متقی نے کہا کہ پاکستان کے استحکام، ترقی، خوشحالی اور قیام امن کیلئے ہم ہر موقع پر آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، اسلامی جمہوری ایران میں آپ کی تشریف آوری کو خوش آمدید کہتے ہیں، آپ علماء، انبیاء کے وارث ہیں، انبیاء کی وارثت علوم دینی ہے جو قرآن و سنت کی صورت میں قیامت تک زندہ جاوید ہے۔
ڈاکٹر منوچہر کا کہنا تھا کہ موجود مسائل کو حل کرنے کی ذمہ داری علماء پر عائد ہوتی ہے، نظام کے اصلاح کیلئے فساد، ظلم اور گمراہی کا خاتمہ علماء کے قیام کے ذریعہ ممکن ہے، مسلم امہ کا دشمن امریکہ اور یورپ مسلمانو ں کے درمیان نفرت، اختلافات، بدگمانی اور دشمنی کو فروغ دے رہا ہے، مسلم ممالک کے درمیان جنگ کی فضا کو پیدا کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے اسلامی بیداری کو دعوت کے ذریعہ خدا اور رسول کے پیغام کو زندہ کیا، امریکی اطاعت کے بجائے خدا سے رشتہ قائم کر کے اپنی نجات کی منزل حاصل کر لی ہے، اللہ کے نظام کی بالادستی نے ایران کو عزت، رتبہ اور کفر کی سیاست پر بالادستی کی توفیق بخشی ہے، اس لئے آج ہر محاذ پر الٰہی نصرت ہمارے شامل حال ہے اور ہمارا دشمن ذلیل و خوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے اسرائیل کو صفحہ ہستی سے مٹانے کا فیصلہ کیا ہے، اسرائیل ہمارے خوف سے محدود ہو کر رہ گیا ہے، انقلاب اسلامی ایران نے اسرائیل کے خلاف نفرت کی فضا اور مذمت کے الفاظ ایجاد کیے، ایران عالمی سطح پر فلسطین کے مسلمانوں کی بہتر نمائندگی کر رہا ہے، عالمی دنیا کو اسرائیل کے مظالم سے آگاہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے، قبلہ اول مسجد اقصیٰ کی آزادی کیلئے ہماری پالیسی نے امریکہ اور یورپ کو تشویش میں مبتلا کیا ہے، اسرائیل کو تحفظ دینے کیلئے عالمی کفر نے مسلم دنیا کے غلام حکمرانوں کے ذریعہ مسلم دنیا میں قتل و غارت گری، فتنہ و فساد، دہشتگردی، تکفرتیت، داعش اور طالبان پیدا کیے جو ہماری ہی درپے ہیں، مسلم نوجوانوں کی توجہ اسرائیل سے ہٹا کر آپس کی جنگ میں شروع کرنے کی سازش ہو رہی ہے، مسلمانوں کے داخلی انتشار سے اسرائیل کو تقویت اور تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ امریکہ، نیٹو اور عرب حکمران اسرائیل کو مالی، فوجی اور بین الااقوامی سپورٹ فراہم کر رہے ہیں۔
سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے معاون اور مشیر آیت اللہ محسن قمی نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے آیت اللہ خامنہ ای کا سلام اور پیغام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اسلامی ممالک پر اپنا نظریاتی تسلط اور سیاسی کنٹرول چاہتا ہے، مسلم دنیا کے اقتصاد اور سیاست کو تابع کرنا چاہتا ہے، امریکہ پاکستان پر سیاسی غلبے کیلئے ایشیا میں خون ریزی کرا رہا ہے، بلاشبہ پاکستان کے مسلمان عوام امریکہ سے نفرت کرتے ہیں، پاکستان پر ڈرون حملے بین الاقومی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پوری مسلم دنیا کو اس پر احتجاج کرنا چاہیئے، جبکہ ایران نے عالمی سطح پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ انہوں نے ایرانی حجاج پر حج کی پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ایماء پر ایرانی حجاج پر پابندی سے سعودی عرب اسلامی دنیا میں بدنام ہو رہا ہے، سعودی عرب کی حج پر اجاراہ داری اور قبضہ اسلامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، حج دراصل عالم کفر کے خلاف اسلامی امت کا بین الاقوامی احتجاج ہے، امریکہ دراصل حج کا انتظام اور کنٹرول خود حاصل کرکے حج کے مالیات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔