کیمرے کے ذریعے دہشتگردی کا خدشہ، سندھ اسمبلی میں لائیو میڈیا کوریج پر پابندی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) اسپیکر سندھ اسمبلی نے ایوان میں کیمرے کے ذریعے دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر اسمبلی کی براہ راست کوریج پر پابندی عائد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی كا بجٹ اجلاس 2 دن كے وقفے كے بعد کل پھر ہوگا، جس میں نئے مالی سال كے بجٹ پر بحث كا آغاز كیا جائے گا، جبکہ اسپیکر نے اسمبلی میں کیمرے کے ذریعے دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر ایوان کی براہ راست کوریج پر پابندی عائد کر دی ہے۔ سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے آغا سراج درانی نے كہا كہ خفیہ اداروں كی جانب سے یہ اطلاع تھی كہ اسمبلی میں بذریعہ كیمرا دہشت گردی كا واقعہ پیش آسكتا ہے، جس كے باعث اسمبلی كی لائیو كوریج پر پابندی لگائی ہے، اور بجٹ سیشن كے تمام پاسز مسترد كر دیئے ہیں۔ انہوں نے كہا ہے كہ كوئی بھی كیمرہ مین اسمبلی كے اندر داخل نہیں ہو سكے گا، اسمبلی كے باہر نصب میڈیا بكس سے ویڈیو وصول كی جا سكیں گی، جبكہ رپورٹر حسب روایت اپنی ذمہ داریاں ادا كرتے رہیں گے۔