Uncategorized

علامہ مرزا یوسف حسین کو رہا کیا جائے بصورت دیگر چہلم امام حسین کے جلوس میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا، ایم ڈبلیو ایم

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنما علامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ علامہ مرزا یوسف حسین کو جلد رہا نہیں کیا گیا تو سندھ حکومت کے خلاف چہلم امام حسین کے جلوس میں شدید احتجاج کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد نور ایمان کے باہر سندھ حکومت کی جانب سے بزرگ عالم دین علامہ مرزا یوسف حسین کی بے گناہ گرفتاری کیخلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ بشیر انصاری، علامہ اظہر حسین نقوی، ناصر حسینی، شبیر حسین اور ثمر زیدی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

علامہ مبشر حسن نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ مرزا یوسف کا جرم دہشت گردوں کی مخالفت کرنا اور مظلوم کی حمایت کرنا ہے، ماضی میں ان پر کئی مرتبہ دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا اور اس سے واضح ہوتا ہے کہ دہشت گرد ان کے جانی دشمن ہیں، لیکن سندھ حکومت نے جس طرح کا سلوک ان سے کیا ہوا ہے، وہ بھی شرمناک عمل ہے، اس ضعیفی اور بیماری کی حالت میں پس زندان کرنا اور ضمانت دینے میں مشکلات کھڑی کرنا قابل مذمت ہے، وزیراعلیٰ سندھ بتائیں کہ سندھ حکومت کو علامہ مرزا یوسف سے کیا دشمنی ہے، نواز حکومت سے کچھ بھی بعید نہیں، لیکن جمہوریت کا نعرہ لگانے والی جماعت کے اس رویے کو کیا سمجھا جائے۔

علامہ مبشر حسن نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ اتحاد بین المسلمین کے داعی بزرگ شیعہ علام دین علامہ مرزا یوسف حسین کے خلاف درج کی گئی جعلی ایف آئی آر ختم کرکے انہیں فی الفور رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم دہشت گرد تنظیمیں کراچی سمیت ملک بھر میں دندنانی پھر رہی ہیں، وفاقی وزیر داخلہ کالعدم تنظیموں کے سربراہوں سے ملاقاتیں کرکے انہیں فعالیت کی اجازت دے رہے ہیں، ارباب اختیار ان سب کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کرتی تو ہم احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے اور ملک بھر میں چہلم شہدائے کربلا کے جلوسوں میں سراپا احتجاج ہونگے کیونکہ کربلا نے ہمیں ظلم و جبر کے خلاف قیام کرنا سکھایا ہے، ہماری امن پسند قوم کو زبردستی فرقہ واریت کی آگ میں نہ دھکیلا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button