بھارتی وزیر داخلہ کیجانب سے پاکستان کے ٹکڑے کرنے کی دھمکی قابل مذمت ہے، علامہ اقتدار نقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ کی جانب سے پاکستان کے دس ٹکڑے کرنے کی دھمکی انتہائی قابل مذمت اور باعث تشویش ہے۔ ہندوستان سے آنے والی مسلسل دھمکیوں کا جب تک پاکستان کی طرف سے منہ توڑ جواب نہیں دیا جاتا بھارتی حکمران شرانگیزیوں سے باز آنے والے نہیں۔ پاکستان ایک ایٹمی اور مضبوط دفاع رکھنے والی ریاست ہے۔ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنے والوں کو منہ توڑ جواب دینے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھارت کے اندر متعدد علیحدگی پسند تحریکیں چل رہی ہیں اور ان شاء اللہ پاکستان تو قائم رہے گا، مگر ہندوستان خود کئی ٹکڑوں میں تقسیم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک حقیقت اور ناقابل تسخیر ملک ہے۔ اس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے نشانہ عبرت بن جائیں گے۔ نریندرمودی کی حکومت کی انتہا پسندانہ پالیسیوں کی وجہ سے ہندوستان میں اقلیتوں سمیت غیر ملکی سیاح تک محفوظ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی اپنی پالیسیاں ہی انڈیا کو تقسیم کرنے کے لئے کافی ہیں۔ خطے میں چوہدراہٹ کا خواب دیکھنے والا بھارت دہشت گردوں کی مالی معاونت اور ان کی عسکری تربیت کر رہا ہے۔ علامہ اقتدار نقوی نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان دشمنی میں بالکل اندھا ہوچکا ہے۔ اسلحہ کے ذخائر جمع کرکے وہ خطے میں عدم توازن پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ عالمی برادری اور اقوام متحدہ ہندوستان کی گھنائونی سازشوں کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈین نیوی کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو اور دیگر بھارتی جاسوسوں کی گرفتاریاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ بھارت پاکستان میں مداخلت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت متحد ہو کر بھارتی حکمرانوں کی گیدڑ بھبھکیوں کا بھرپور انداز میں جواب دے، پاکستانی عوام ملک کے تحفظ اور سلامتی کے لئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔