Uncategorized

کراچی، مرکزی آزادی القدس ریلی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) تحریک آزادی القدس کی جانب سے جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس کے موقع پرمرکزی القدس ریلی نمائش چورنگی تا تبت سینٹر نکالی گئی۔ مرکزی آزادی القدس ریلی میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شرکائے ریلی نے ہاتھوں میں پاکستانی، فلسطینی اور آزادی القدس کے پرچم کے ساتھ ساتھ پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ مردہ باد، اسرائیل مخالف نعرے درج تھے، مرکزی آزادی القدس ریلی میں بچوں کے خصوصی دستے تیار کئے گئے تھے۔ اس موقع پر آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر سرفراز نقوی، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، جماعت اسلامی کے رہنما اسد اللہ بھٹو اور خیرالعمل فائونڈیشن کے سربراہ علامہ باقر زیدی نے شرکاء سے مرکزی خطاب کیا۔

مرکزی آزادی القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر سرفراز نقوی نے کہا کہ مسلمان اقوام کو چاہئیے کہ متحد ہو کر قبلہ اول کی آزادی کے لئے جدوجہد کریں، یہ مسلم امہ کی کمزوری ہے کہ آج 69برس سے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل قبلہ اول پر قابض ہے اور مسلم امہ خاموش تما شائی بنی ہوئی ہے۔ان کاکہنا تھا کہ امام خمینی ؒ نے آج جمعۃالوداع کو یوم القدس قرار دے کر مظلوموں اور ظالموں میں واضح فرق بتادیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ آج پوری دنیامیں امام خمینیؒ کے فرمان کے مطابق مسلمانوں سمیت دیگرمذاہب کے لوگ بھی القدس ریلیاں اور مظاہرے منعقد کر رہے ہیں جو اس بات کی دلیل ہے کہ القدس کی آزادی عنقریب ہے۔

مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ امریکا دہشت گردی کا بانی اور موجد ہے جبکہ لاکھوں مظلوم فلسطینیوں کا خون بھی امریکی ہاتھوں پر ہے، انہوں نے کہا کہ اسرائیل مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام کر رہاہے جبکہ امریکا اسرائیل کو اربوں ڈالر کا اسلحہ فوجی مدد کے نام پر دے کر مظلوم انسانیت کے قتل عام کا مرتکب ہو رہاہے، ان کاکہنا تھا کہ امریکی سربراہی میں نام نہاد مسلم حکمرانوں کو اکھٹا کرکے اسرائیل کا تحفظ کرنے کے لئے اتحاد تشکیل دئیے جا رہے ہیں جبکہ دوسری طرف مظلوم فلسطینی اور مسلمانوں کا اہم مقدس مقام قبلہ اول آزادی کے انتظار میں ہے، انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ چھ برس سے شام اور عراق سمیت دیگر مقامات پر داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی کے بعد امریکا اور اسرائیل نے اب براہ راست مسلم امہ کے حکمرانوں کو اپنے چنگل میں پھنسانے کا ارادہ کر لیا ہے اور اب نتیجہ یہ نکلا ہے کہ ایران کے بعد قطر کو دشمن ممالک کی صف میں کھڑا کر دیا گیا ہے جبکہ وہ وقت بھی دور نہیں کہ یہی امریکی عرب حواری پاکستان کے خلاف سازشوں کا جال بنانا شروع کر دیں۔ ان کاکہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی اور بقاء کا تقاضا ہے کہ پاکستان امریکی و اسرائیلی قیادت میں بنائے جانے والے نام نہاد اسلامی ملٹری الائنس سے فی الفور باہر آ ئے۔

راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ تکفیری جماعتیں پاکستان کی سالمیت کے درپے ہیں اور یہ خارجی روزانہ پاکستان کی مظلوم عوام کے خون سے ہولی کھیلتے ہیں انہوں نے آج کوئٹہ اور پاراچنار میں ہونے والے خود کش بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے ایسے امریکہ و اسرائیل کی کاروائی قرار دیا اور ان واقعات میں شہید ہونے والے افراد سے اظہار ہمدردی کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا تکفیری جماعتوں کی سر پرستی ختم کرکے ان ظالموں کے خلاف فوجی آپریشن کیا جائے۔

مرکزی آزادی القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسد اللہ بھٹو کاکہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل سمیت مغربی قوتیں مسلمانوں کو تقسیم اور فرقہ واریت میں ملوث کر کے فلسطین اور القدس کی آزادی سے توجہ ہٹانا چاہتی ہیں جس کی واضح مثال چند نا عاقبت اندیش عرب ممالک کی جانب سے فرقہ وارانہ ملٹری الائنس ترتیب دیا گیا،ان کاکہنا تھا کہ اگر کوئی ملٹری الائنس بنانا ہی مقصود ہے تو پھر سب سے پہلے قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی اور کشمیر کی آزادی کے لئے بنایا جانا چاہیے۔

شرکائے ریلی سے خطاب کرتے دیگر مقرر ین کا کہنا تھا کہ القدس کی آزادی کے لئے جدوجہد جاری رہے گی اور اگر عرب ممالک کی طرح پاکستان میں بھی اسرائیل کے تسلیم کرنے یا اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بات کی گئی تو پاکستان کا بچہ بچہ سڑکوں پر نکل آئے گا لیکن حکمرانوں کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ مسلمانوں کے قبلہ اول پر سودے بازی کریں اور مظلوم فلسطینیوں کی تحریک آزادی کو زک پہنچائی جائے، اس موقع شرکائے ریلی نے امریکہ مردہ باد، اسرائیل نا منظور، القدس کی آزادی کے لئے فلک شگاف نعرے بلند کئے جبکہ شرکائے ریلی نے امریکی و اسرائیلی حکمرانوں کے پتلوں سمیت امریکہ اور اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کئے۔

ریلی کے اختتام پر رہنماؤں نے مشترکہ قرار داد پیش کی جس میں فلسطینیوں سمیت تمام مظلومین کی حمایت اور امریکا، اسرائیل سمیت تمام ظالم حکومتوں سے اظہار نفرت کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button