فیصل آباد، سی ٹی ڈی کے ہاتھوں 4 وہابی دہشت گرد ہلاک
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) فیصل آباد میں ” سی ٹی ڈی ” سے مقابلے میں وہابی دہشت گرد اور کالعدم تنظیم طالبان پاکستان کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں انسداد دہشت گردی پولیس ” سی ٹی ڈی ” سے مقابلے کے دوران کالعدم تنظیم طالبان پاکستان کے 4 وہابی دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق سی ٹی ڈی نے گزشتہ رات فیصل آباد میں دہشت گردوں کے داخلے کی اطلاع پر سرگودھا روڈ پر ناکہ بندی کی جس کے دوران مشکوک متعدد موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا جس پر موٹر سائیکلوں پر سوار 7 سے 8 دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک جب کہ باقی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری طلب کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا اور فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق وہابی دہشت گرد تنظیم کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے جو فیصل آباد میں بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 2 کلاشنکوفیں، پستول، 3 کلو بارودی مواد، ڈیٹونیٹر اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئی ہیں۔