ملتان میں بشارت عظمٰی کانفرنس 4 فروری کو ہوگی، علامہ ساجد علی نقوی سمیت بزرگ علمائے کرام کی شرکت متوقع
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان میں ملت تشیع کے علمائے کرام کی جانب سے ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی ”بشارت عظمٰی کانفرنس”کے انعقاد کا ایک بار پھر اعلان کر دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق کانفرنس کی انتظامیہ نے اس حوالے سے اس بار وفاق علمائے شیعہ پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور جامعہ مصباح العلوم الجعفریہ (ملتان) کے پرنسپل مولانا اختر حسین نسیم کو اس کانفرنس کے انعقاد کا ٹاسک دیا ہے، اس حوالے سے مولانا اختر حسین نسیم نے ملتان میں ایک ٹیم بھی تشکیل دیدی ہے، کانفرنس 4 فروری کو ملتان کے مقامی شادی ہال میں منعقد ہوگی، کانفرنس میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی، جامعۃ المنظر کے سربراہ علامہ حافظ ریاض حسین نجفی، علامہ شیخ محسن علی نجفی، علامہ نیاز حسین نقوی، علامہ محمد حسین نجفی سمیت دیگر علمائے کرام شریک ہوں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بشارت عظمٰی کانفرنس کرانے کے حوالے سے مختلف شخصیات کو ٹارگٹ دیا گیا، لیکن بعض مصروفیات کی وجہ سے اس کے انعقاد میں تاخیر ہوئی۔