
میجر شبیر شریف شہید( نشان حیدر) کا 50واں یوم شہادت
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) فاتح سبونہ میجر شبیر شریف شہید( نشان حیدر) کے 50ویں یوم شہادت پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب لاہور کے میانی صاحب قبرستان میں منعقد کی گئی۔
چیف آف آرمی سٹاف کی جانب سے جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل محمد رضا ایزد نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر میجر شبیر شریف شہید کے اہلخانہ، ساتھی غازی افسران میجر جنرل(ر) غازی الدین رانا، میجر( ر)محمد شہریار، صوبیدارمیجر(ر) جعفر خان، نائب صوبیدار (ر) فضل حسین، حوالدار( ر) اسلم بھٹی موجود تھے۔
پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کی قبر پر گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں پاکستانی بحری اسکواڈرن ایران پہنچ گیا
میجر شبیر شریف شہید کی ہمشیرہ نجمی کامران اور بیٹے تیمور شبیرشریف نے بھی شہید کی قبر پر پھول چڑھائے۔ ان کا کہنا تھا والد کی لازوال قربانی نے کبھی یہ احساس نہیں دلایا کہ وہ ہم میں نہیں۔
میجر شبیر شریف شہید کے ساتھیوں کا کہنا تھا کہ جس طرح میدان جنگ میں لڑے ایک بہادر سپوت کو پیش کیا جانیوالا خراج عقیدت کم پڑ جاتا ہے۔ تقریب میں میجر جنرل محمد کلیم آصف، میجر جنرل ملک عامر محمد خان بھی موجود تھے۔ جنہوں نے پوری فوج کی جانب سے میجر شبیرشہید کی لازوال قربانی پر خراج عقیدت پیش کیا۔