پاکستانی شیعہ خبریں

حملہ آور کو 8 کلو مواد کے ساتھ دو تین دن پہلے مریض کی شکل میں ہسپتال میں رکھا، انوارالحق کاکڑ

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) بلوچستان حکومت کے ترجمان انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ اصل صورتحال کا پتہ تو تحقیقات کے بعد ہی چلے گا تا ہم میرا اندازہ ہے کہ خود کش حملہ آور کو 8کلو مواد کے ساتھ دو تین دن پہلے مریض کی شکل میں ہسپتال میں رکھا گیا تھا،بھارت کی کارروائیوں کے تازہ ثبوت بھی ہمارے پاس ہیں اور پچھلی مذموم کارروائیوں کے بھی شواہد ہیں۔کل بھوشن یادیو کی کہانی پرانی نہیں۔

دنیانیوز کے پروگرام کامران خان کیساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انوارالحق کاکڑ کا کہناتھاکہ حال ہی میں کل بھوشن یادیو بلوچستان سے پکڑا گیا۔بھارتی ایجنسی "را” نے افغانستان کی این ڈی ایس کو اسی مقصد کے لئے ملین ڈالرز فراہم کئے ہیں۔مختلف لوگوں کے مختلف ریٹ مقرر ہیں۔یہاں پر بارود کو ایک مقام سے دوسرے مقام تک منتقل کرنے کے لاکھوں روپے دئیے جا رہے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ لشکر جھنگوی، کالعدم تحریک طالبان یا جماعت الاحرار،ان کے سینکڑوں، ہزاروں لوگ ضرب عضب کے نتیجے میں یا تو مارے گئے ہیں یا افغانستان میں پناہ گزین ہیں۔قندھار اور ہلمند تک یہ لوگ پھیلے ہوئے ہیں اور ان کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں اور پاکستان میں دہشت گردی کرتے ہیں ۔

افغان امور کے ماہر،سینئر تجزیہ کار رحیم اللہ یوسف زئی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دہشت گرد پاکستانی عوام سے انتقام لے رہے ہیں کیونکہ پاکستانی عوام ان کی حمایت نہیں کرتے۔حکومتی اور سکیورٹی اداروں پر حملوں میں ان کو ناکامی ہوئی ہے ، اسی کوئٹہ شہر میں ائیربیس پر حملے کئے گئے مگر ناکام رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت الاحرار ٹی ٹی پی کا ایک دھڑا ہے اس کے سربراہ کا نام عبد الولی یا عمر خالد خراسانی بھی تھا،ان لوگوں کے اکثر کئی نام ہوتے ہیں۔منگل باغ کے مرنے کی بھی خبر آئی جماعت الاحرار کے کئی اہم لوگ بھی مارے گئے ، یہ اپنا انتقام لینے کی کوشش کر رہے ہیں اور امریکیوں پر حملے کرنے کے بجائے پاکستانی عوام پر حملے کر رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button