Uncategorized

لاہور،دبئی سے گرفتار ہونیوالا لشکر جھنگوی کا ہارون بھٹی 3 ساتھیوں سمیت مقابلے میں ہلاک

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) لاہور کے علاقہ بادامی باغ میں پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان مبینہ مقابلے میں کالعدم تنظیم کے بانی رکن سمیت 4 مطلوب دہشت مارے گئے، مقابلے میں 3 پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گئے۔ ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ہلاک دہشتگرد لاہور میں ٹارگٹ کلنگ، پولیس پر فائرنگ اور اغواء برائے تاوان کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ پولیس کے مطابق سی آئی اے پولیس نے کچھ عرصہ قبل انٹرپول کے ذریعے کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے بانی رکن ہارون بھٹی کو دبئی سے گرفتار کیا تھا۔ پولیس زیرحراست ملزم ہارون بھٹی کو ہمراہ لے کر بادامی باغ بند روڈ پہنچی جہاں اس کے 3 ساتھی ایک مکان میں چھپے ہوئے تھے۔ پولیس کو دیکھتے ہی دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس کی زد میں آ کر 3 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال متنقل کرنے کے بعد مزید نفری طلب کر لی گئی۔ پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ تقریباً ایک گھنٹہ تک جاری رہا جبکہ پولیس کی فائرنگ سے 3 دہشتگرد عمیر، عمر اور نعمان مارے گئے جبکہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے پولیس حراست میں موجود ہارون بھٹی بھی مارا گیا۔ پولیس نے مارے گئے دہشتگردوں کے قبضہ سے 10 دستی بم، 2 ایس ایم جی، 6 میگزینز، آئی ای ڈی سرکٹ، ریموٹ کنٹرول ڈیوائسز سمیت بارودی مواد برآمد کر لیا ہے۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مارے گئے دہشتگرد لاہور میں پولیس پر فائرنگ اور اغوا برائے تاوان سمیت 20 سے زائد کیسز میں مطلوب تھے۔ مارے گئے دہشتگردوں نے ڈاکٹر علی حیدر، ان کے صاحبزادے سید مرتضٰی علی حیدر، سید علی حسین قزلباش، ڈاکٹر شبیہہ الحسن، ایڈووکیٹ شاکر علی رضوی، اعظم اور غلام رضا جعفری کو ٹارگٹ کلنگ میں شہید کیا تھا جبکہ ملزمان نے سید مبشر حسین نقوی اور بینک منیجر سید وقارحیدر سمیت صوبائی امارت کے جھگڑے پر اپنی ہی تنظیم کے رہنما شمش الرحمٰن معاویہ کو بھی قتل کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق مارے گئے دہشتگردوں نے وزیراعلٰی پنجاب کے چیف سکیورٹی آفیسر میجر معیز کے گھر میں دھماکہ بھی کیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button