Uncategorized

پنجاب کے حکمران نیشنل ایکشن پلان کو متنازع بنانا چاہتے ہیں، علامہ سبطین سبزواری

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا اور افسوسناک پہلو یہ ہے کہ مذہبی رسومات پر پابندیاں عائد کرنے یا انہیں محدود کرنے کی سازشیں ملک کی خالق جماعت ہونے کی دعویدار حکمران جماعت مسلم لیگ کے دور میں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی متعصبانہ شیعہ دشمن پالیسیوں سے لگتا ہے کہ شاید مسلم لیگ ن تکفیری گروہ کو ٹھیکے پر دے دی گئی ہے۔ سرگودھا، خوشاب اور منڈی بہاوالدین میں مجالس عزا اور تنظیمی نشستوں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اہل سنت اور اہل تشیع دونوں کی مشترکہ کاوشوں سے پاکستان بنا تھا، اسے سیکولر ملک بنانے کی مزاحمت کریںگے، وزیراعظم امریکہ اور مغرب کو خوش کرنے کیلئے لبرل ازم کے نعرے لگا کر دو قومی نظریہ اور قیام پاکستان کے مقاصد پر قوم میں ابہام پیدا نہ کریں، ملک کی نظریاتی اساس کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری ایک مسلمہ رسم ہے، جو قیام پاکستان سے پہلے سے جاری ہے، اس سے دستبردار نہیں ہوں گے، چاہے جتنی بڑی قربانی کیوںنہ دینی پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمہ مذہبی رسومات میں رکاوٹیں پیدا کرکے حکمران نیشنل ایکشن پلان کو متنازع بنانا چاہتے ہیں۔ شیعہ علما کونسل کے صوبائی صدر نے کہا کہ پولیس نے بعض مقامات پر گھروں کے اندر چار دیواری میں ہونیوالی مجالس میں بھی رکاوٹیں ڈالی ہیں، جنہیں ہم مسترد کرکے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، اگر جابرانہ ہتھکنڈے جاری رہے تو انشااللہ آئندہ بھی عزاداری میں کسی قسم کی رکاوٹ کو قبول نہیں کریں گے، حکمران جیلیں بھرنے کا شوق پورا کر لیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button