پنجاب داعش کی بھرتی کا بڑا مرکز بن چکا ہے، اکرم رضوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)لاہور میں مختلف طلباء وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انجمن طلباء اسلام لاہور ڈویژن کے ناظم محمد اکرم رضوی نے کہا ہے کہ اُمت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، اسلام دشمن طاقتیں فرقہ واریت کو مسلمانوں کیخلاف بطور ہتھیار استعمال کر رہی ہیں، مسلم ممالک آپس میں لڑ کر دشمن کو خوش نہ کریں، مذہب کو دہشتگردی نہیں امن کیلئے استعمال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایران، سعودی چپقلش تشویشناک معاملہ ہے، 34 اسلامی ممالک کا نہیں 57 کا اتحاد ہونا چاہیئے، عالمی تکفیری دہشتگرد گروہ داعش اور القاعدہ کا طرزِعمل خلاف اسلام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں پرائیویٹ جہاد کی کوئی گنجائش نہیں، داعش اور القاعدہ جیسی تنظیمیں اسلام کو بدنام کرنے کیلئے کھڑی کی گئی ہیں، جہاد کے نام پر ڈالروں کا کاروبار عروج پر ہے اورتکفیری دہشتگردی کیخلاف جنگ کے نام پر تجارت ہو رہی ہے۔ اکرم رضوی نے کہا کہ اسلامی ممالک کو لڑانا عالمی گریٹ گیم کاحصہ ہے، پنجاب عالمی دہشتگرد گروہ داعش کی بھرتی کا بڑا مرکز بن چکا ہے مگر پنجاب کے حکمران غفلت کی نیند سو رہے ہیں، داعش کا قبضہ پاکستان میں پھیل رہا ہے، داعش کا پاکستان میں نیٹ ورک قائم ہونا حکومتی نااہلی ہے، داعش کے فتنے کو ابتداء میں ہی کنٹرول نہ کیا گیا تو اس سے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے اور ملک خانہ جنگی کا شکار ہو جائے گا