بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن، کالعدم تنظیم کے 5 کارندے ہلاک
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)بلوچستان کے ضلع بارکھان، ڈیرہ بگٹی، کیچ اور پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تکفیری تنظیم کے پانچ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ کارروائیوں کے دوران دو مغویوں کو بھی بازیاب کرایا گیا، جبکہ تین تکفیری دہشتگردوں سمیت 19 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق بارکھان کے علاقے چھپر میں ایف سی اور حساس اداروں نے کالعدم تکفیری دہشتگرد تنظیم کے کیمپ کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پانچ تکفیری دہشتگرد مارے گئے۔ ایف سی حکام کے مطابق ہلاک ہونے تکفیری دہشتگردوں کے قبضے سے ایک ڈنگر رائفل بمعہ 179 گولیاں، 3 کلاشنکوف بمعہ 16 میگزین اور 420 گولیاں، تین واکی ٹاکیز، دو دوربین، ایک موٹر سائیکل، دو دیسی ساختہ بم کے ریموٹ کنٹرول، ایک انٹینا، سنائپر رائفل، رائفل کا ایک میگزین بمعہ 80 گولیاں، ایک وی وائرلیس ہینڈ فون سیٹ اور سولرز پینل برآمد کئے گئے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران تین تکفیری دہشتگردوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔ جبکہ ان کی قید میں موجود دو مغویوں کو بھی بازیاب کرایا گیا۔ آپریشن کے بعد دہشتگردوں کے کیمپ کو تباہ کردیا گیا۔
ایف سی ترجمان نے مزید بتایا کہ آپریشن میں ہلاک ہونے والے تکفیری دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملوں، اغواء برائے تاوان، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ دوسری جانب ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں ایف سی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تکفیری دہشتگرد تنظیم کے پندرہ تکفیری دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے دیسی ساختہ بم اور بم بنانے کے آلات برآمد کرلئے۔ پنجگور کے پاک ایران سرحدی علاقے پروم میں بھی ایف سی اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اور کالعدم تکفیری دہشتگرد تنظیم کے کئی ٹھکانوں کو مسمار کردیا۔ کارروائی کے دوران دو کلاشنکوف اور ایمونیشن برآمد کیا گیا