خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرہ ؑ کی سیرت و کردار میں تمام طبقات کی نمائندگی موجود ہے، علامہ عون نقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) جعفریہ الائنس کے مرکزی رہنما علامہ عون نقوی نے کہا ہے کہ خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرہ سلام اللہ علیہا کی سیرت و کردار میں تمام طبقات کی نمائندگی موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئمہ محفل و میلاد کمیٹی کے سربراہ حاجی محمود نقوی کی جانب سے جامعہ مسجد و امام بارگاہ مارٹن روڈ میں خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرہ سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت کی مناسبت سے منعقدہ اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے کہا کہ ایک عورت معاشرے میں 3 طبقوں کی نمائندگی کرتی ہے، حضرت فاطمہ زہرہ سلام اللہ علیہا کی سیرت بحیثیت بیٹی اور بیوی تمام حیثیتوں میں نمایاں اور منفرد ہے، حضرت فاطمہ زہرہ سلام اللہ علیہا رسول اکرم ؐ کی بیٹی، حضرت علی مرتضیٰ ؑ کی زوجہ اور حضرات حسنین کریمین ؑ کی والدہ کی حیثیت سے مثالی اور نمایاں ہے، یوم خواتین منانے والے خاتون اول حضرت خدیجۃ کبریٰؓ، حضرت فاطمہ زہرہ سلام اللہ علیہا اور حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی سیرت، تعلیمات اور کردار کو ہر فورم پر عیاں کریں، تاکہ نوجوان نسل اس سے استفادہ حاصل کرسکے۔