آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی بصیرت سے ہی ایرانی ملت نے امریکا و اسرائیل کو ہر محاذ پر ذلت آمیز شکست دی، پسند علی
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے مرکزی صدر سید پسند علی رضوی نے کہا ہے کہ ایران میں مہنگائی کی وجہ سے ہونے والے مظاہروں کو نظام ولایت فقیہ کے خلاف احتجاج بنا کر میڈیا میں پیش کرنا امریکا و اسرائیل کی ناکام کوشش ثابت ہوگی، ایرانی قوم نے ولایت فقیہ کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں، یہ ممکن نہیں کے بیدار قوم اپنے پیاروں کے لہو کے تقدس کو بھول جائیں اور ان کے مقدس لہو کے بدولت آج ایک منظم اور لازوال نظام قائم ہوا ہے۔ اپنے ایک بیان میں پسند علی رضوی نے کہا کہ جس قوم کے پاس بیدار رہبر موجود ہو، اس قوم کو کوئی بھی گمراہ نہیں کر سکتا، آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی بصیرت سے ہی بیدار ملت نے امریکا، اسرائیل صہیونی ریاست کو ہر محاذ پر ذلت آمیز شکست دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ روز روشن کی طرح عیاں حقیقت ہے کہ دہشتگردی اور ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے کی سازش ہمیشہ استعماری ایجنٹ کرتے ہیں، ٹرمپ نے احتجاج کی حمایت کرکے ثابت کر دیا کہ ایران میں مظاہروں میں دہشتگردی کرنے والے اس کے ہم فکر ہیں، جو کہ عالمی دہشتگردی کے ذمہ دار ہیں۔