شیخ ابراہیم زکزاکی کو رہا اور نائیجریا میں جاری شیعہ نسل کشی کو روکا جائے، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ استعماری افواج مل کر بھی یمن کی بہادر عوام اور انصار اللہ کے شجاع حسینیوں کو شکست دینے میں ناکام رہیں، یمن کی انصار اللہ نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ اللہ کے دین کی مدد کا اگر صادقانہ جذبہ ہو، تو دنیا کے شیاطین مل کر بھی اللہ والوں کا مقابلہ نہیں کر سکتے، صبر و استقامت اور اللہ پر توکل اہل حق کا ہتھیار ہے، یمن کی انصار اللہ اور لبنان کی حزب اللہ پر عالم اسلام کو ناز ہے۔ اپنے ایک بیان میں علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ جارح افواج کا یمن فتح کرنے کا خواب ناقابل تعبیر ہے، یمن عزم و استقامت کی سرزمین ہے، آل سعود نے اسلام دشمن قوتوں کیساتھ مل کر دنیائے اسلام میں قتل و غارت اور دہشتگردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔
علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ نائیجریا کے مظلوم حسینی آج بھی اپنے بہادر قائد علامہ محمد ابراہیم زکزاکی کی رہائی کیلئے سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں، ابراہیم زکزاکی فقط نائیجریا کے نہیں، بلکہ عالم اسلام اور عالم انسانیت کا عظیم سرمایہ اور قابل فخر لیڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مادی مفادات میں غرق دنیا میں ابراہیم زکزاکی جیسے عاشقان خدا کمیاب ہیں، جنہیں چھ جوان بیٹوں کی شہادت اور طویل عرصہ جیل اور قید و بند کی صعوبتیں بھی راہ حق سے دور نہ کر سکیں۔ علامہ مقصود ڈومکی نے مطالبہ کیا کہ ابراہیم زکزاکی کو جلد قید سے رہا کیا جائے اور نائیجریا میں جاری شیعہ نسل کشی کو روکا جائے۔