اہم پاکستانی خبریں

آئینی ترمیم ہوگئی تو فیڈریشن، سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کا عہدہ ختم ہو جائے گا، فواد چوہدری

شیعہ نیوز: سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے قائد اعظم محمد علی جناحؒ سے متعلق بیان کو شوشا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ آئینی ترمیم ہوگئی تو فیڈریشن، سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کا عہدہ ختم ہو جائے گا اور ہم اسے آئینی ترامیم نہیں بلکہ پی سی او کہیں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ بلاول بھٹو تاریخ سے بالکل نابلد ہیں، قائد اعظم سے منسوب ان کا آئینی عدالت کا بیان شوشا ہے کیونکہ اس وقت برصغیر پاک و ہند میں تو کورٹ کا وجود ہی نہیں تھا بلکہ اس وقت پِری وی کونسل ہوا کرتی تھی جس کا وجود لندن میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت قائد اعظمؒ نے قانونی معاملات کے حل کے لیے پِری وی کونسل برصغیر میں قائم کرنے کی بات کی تھی نہ کہ کسی آئینی عدالت کے قیام کی، بلاول بھٹو کو کسی نے کہہ دیا ہوگا اور انہوں نے بول دیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ قائداعظم نے سب سے پہلے وفاقی آئینی عدالت کی تجویز پیش کی تھی اور وفاقی آئینی عدالت کا قیام قائداعظم کا خواب تھا۔ آئینی ترامیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ انہیں آئینی ترامیم ہوتی نظر نہیں آ رہیں کیونکہ تمام چیزیں اب مائنس ہوگئی ہیں اور بات اب یہ ہورہی ہے کہ آئینی عدالت ہونی چاہیے یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ آئینی ترمیم ہوگئی جیسا کہ حکومت چاہتی ہے، تو فیڈریشن ختم ہو جائے گی، سپریم کورٹ ختم ہو جائے گی اور چیف جسٹس کا عہدہ بھی ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے ججز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا وہ سو رہے ہیں، وہ نہیں دیکھ رہے کہ ملک میں کیا ہونے جا رہا ہے، ہم اسے آئینی ترامیم نہیں بلکہ پی سی او کہیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button