اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

آرمی چیف کا او آئی سی اجلاس، یوم پاکستان پریڈ کیلئے سیکیورٹی بڑھانے کا حکم

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے حکم دیا ہے کہ آئندہ ہفتے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کے اجلاس اور دارالحکومت میں یوم پاکستان کی پریڈ کے محفوظ انعقاد کے لیے سیکیورٹی کو بڑھایا جائے۔

رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں کور کمانڈرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ دونوں تقریبات کے پرامن انعقاد کے لیے سیکیورٹی کے جامع اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس 22 اور 23 مارچ کو اسلام آباد میں ہو گا جس میں 48 ممالک کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب 23 مارچ کو منعقد کی جانے والی یوم پاکستان پریڈ جو ایک اور سالانہ ہائی پروفائل تقریب ہے، اس مرتبہ زیادہ اہمیت اختیار کر گئی ہے کیونکہ اس کا مشاہدہ او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کرنے والے وزرائے خارجہ کریں گے۔

چینی وزیر خارجہ وینگ یی بھی ان دونوں پروگراموں میں شرکت کے لیے اسلام آباد میں ہوں گے، ایک سفارتی ذریعے کے مطابق وینگ یی او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں مہمان خصوصی ہوں گے۔

کور کمانڈرز اجلاس سے متعلق آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا کہ آرمی چیف نے انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کو سراہا۔

بیان کے مطابق اجلاس میں شریک جرنیلوں نے ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اگرچہ خاص طور پر حالیہ واقعات کی وجہ سے دہشت گردی ایک بڑی تشویش ہے لیکن بڑھتے ہوئے سیاسی عدم استحکام اور اپوزیشن کی جانب سے حکومت کے خلاف 23 مارچ سے شروع ہونے والے لانگ مارچ اور اگلے ہی روز اسلام آباد میں جمع ہونے کی کال ایک بڑا درد سر تھا۔

تاہم حزب اختلاف کی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے منگل کی رات اعلان کیا کہ مارچ کے شرکا اب 24 مارچ کے بجائے 25 مارچ کو دارالحکومت میں داخل ہوں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے کی وجہ سے 2014 میں چینی صدر شی جن پنگ کا دورہ اسلام آباد ملتوی ہونا او آئی سی تقریب کے منتظمین کے ذہنوں میں ابھی تک تازہ ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button