لاپتہ شیعہ عزاداروں کے بچوں کا اے پی ایس کے شہیدوں کی یاد میں چراغاں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) لاپتہ شیعہ عزاداروں کے بچوں کی جانب سے سانحہ اے پی ایس کے شہیدوں کی یاد میںتین تلوار کراچی پر چراغاںکیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کراچی کے زیراہتمام تین تلوار چوک پر سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے لاپتہ شیعہ عزاداروں کے اہل خانہ اور بچوں کی جانب سے سانحی اے پی ایس میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید بچوں کی یاد میں تین تلوار چورنگی کراچی میں شمعیں روشن کی گئیں۔
اس تقریب میں شیعہ مسنگ پرسنز کے اہل خانہ کے علاوہ سول سوسائٹی رہنماؤں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے شہداء کے درجات کی بلندی اور شیعہ مسنگ پرسنز کی بازیابی کیلئے خصوصی طور پر دعا کی۔
لاپتہ شیعہ عزاداروں کے لواحقین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہداء کی قربانیوں کو صدیوں فراموش نہیں کیا جاسکے گا، جنہیں اسلام و پاکستان دشمن دہشت گردوں نے انتہائی بے دردی کے ساتھ شہید کیا جس کی وجہ سے آج بھی پوری پاکستانی قوم رنجیدہ ہے اور لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
لاپتہ شیعہ عزاداروں کے اہل خانہ نے کہا کہ شیعہ مسنگ پرسنز کی بازیابی کی تحریک جاری ہے اور آخری فرد کی بازیابی تک جاری رہے گی، لاپتہ شیعہ افراد کی جلد بازیابی نہ ہونے کی وجہ سے ان کے ورثاء شدید پریشانی سے دوچار ہیں، اس سلسلے میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اپنے عودے پر عملدرآمد کریں اور شیعہ مسنگ پرسنز کو بازیاب کرائیں۔