اسماعیل ہانیہ کا قیام، ہجرت اور شہادت، اللہ کیلئے تھی، حافظ نعیم الرحمن
شیعہ نیوز: امیر جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر ایکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسماعیل ہانیہ کا قیام، ہجرت اور شہادت، اللہ کیلئے تھی، اسماعیل ہانیہ نے دنیا کی ظالم ترین طاقتوں کا بے جگری سے مقابلہ کیا، اللہ کا شیر اسماعیل ہنیہ سرخرو ہوگیا۔ امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پہلے اپنے خاندان کو راہ خدا میں قربان کیا، پھر خود بھی جنت کا مسافر بن گیا، شہادت ایک مسلمان کی زندگی کا اختتام نہیں بلکہ راحتوں بھری نئی زندگی کا آغاز ہے۔ حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کو اس ظلم کی قیمت چکانا ہوگی، اسرائیلی اقدام نے اس پورے خطے کو نئی آزمائش میں ڈال دیا ہے، صاف نظر آ رہا ہے کہ جنگ اب غزہ تک محدود نہیں رہے گی، نئی صف بندی ہوگی، کیا عالم اسلام کے حکمران اب بھی آنکھیں بند کیے اسرائیل کی خاموش حمایت کرتے رہیں گے؟ کیا وقت نہیں آ گیا کہ ظالم کے ہاتھ کو کاٹ ڈالا جائے؟۔