اہم پاکستانی خبریں
عوام کی حمایت سے خوارجی دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کریں گے، محسن نقوی
شیعہ نیوز:وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ قابل ستائش آپریشنز میں 11 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے بروقت آپریشنز کرکے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہماری بہادر سکیورٹی فورسز پر قوم کو فخر ہے۔ سکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشتگردوں کے خلاف نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ پاکستان کے عوام سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو قوم تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ انشاء اللہ عوام کی حمایت سے خوارجی دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کریں گے۔