اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

پاکستان میں ایک نئی دہشتگرد تنظیم کے قائم ہونے کا انکشاف

سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان میں ایک نئی دہشتگرد تنظیم کے قیام کا انکشاف ہوا ہے۔ مصدقہ اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخواہ کے قبائلی اضلاع میں ”اتحاد مسلح اسلامی مجاہدین“ کے نام سے نئی مسلح دہشتگرد تنظیم قائم ہوئی ہے، اس تنظیم کی سربراہی حافظ گل بہادر کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ریاست پاکستان کی جانب سے چند ماہ سے پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث سب سے بڑی شدت پسند دہشتگرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان اور اس کے ذیلی گروپوں کیساتھ افغان طالبان کی ثالثی میں مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، مصدقہ اطلاعات کے مطابق بات چیت کا یہ عمل اب اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہوچکا ہے اور جلد اس حوالے سے باقاعدہ سرکاری سطح پر حکومتی موقف بھی سامنے آجائے گا۔

ٹی ٹی پی کیساتھ جاری اس مذاکراتی عمل کے دوران پاکستان میں ایک نئی دہشتگرد تنظیم کے قیام کا انکشاف ہوا ہے، مصدقہ اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخواہ کے قبائلی اضلاع میں ”اتحاد مسلح اسلامی مجاہدین“ کے نام سے نئی مسلح تنظیم قائم ہوئی ہے، اس تنظیم کی سربراہی حافظ گل بہادر کر رہے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں مجلس عزا سے واپسی پر علامہ سبطین سبزواری پر قاتلانہ حملہ

یاد رہے کہ حافظ گل بہادر کا بنیادی تعلق شمالی وزیرستان سے ہے اور کسی دور میں ان کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ وہ ’’حکومتی طالبان کمانڈر‘‘ ہیں۔ جنرل پرویز مشرف اور پھر ان کے بعد پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں مقامی طالبان اور دیگر دہشتگرد گروہوں کیساتھ ہونے والے بعض امن معاہدوں میں بھی حافظ گل بہادر کلیدی کردار ادا کرچکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اتحاد مسلح اسلامی مجاہدین نامی اس نئی تنظیم میں حافظ گل بہادر اور ان کے ساتھیوں کے علاوہ وہ عسکریت پسند شامل ہیں، جو تحریک طالبان پاکستان اور حکومت پاکستان کے مابین افغانستان میں ہونے والے امن مذاکرات کے مخالف ہیں۔

اس نئی دہشتگرد تنظیم نے خیبر پختونخواہ میں حال ہی میں ہونے والے بعض واقعات کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے۔ اتحاد مسلح اسلامی مجاہدین کے ترجمان ابو بصیر وزیرستانی کی جانب سے کچھ عرصہ قبل جاری بیان میں ضلع خیبر میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر گل آفریدی کو شہید کرنے اور نوشہرہ کے علاقہ اکوڑہ خٹک میں پولیس گاڑی کو نشانہ بنا کر دو پولیس اہلکاروں کو زخمی کرنے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

یہ خبر بھی پڑھیں عوام بھوک سے خودکشی کررہی ہے حکمران ناچ گانے کی محفلیں سجا رہے ہیں

مصدقہ اطلاعات ہیں کہ حافظ گل بہادر افغانستان میں ہیں اور وہاں سے ہی کارروائیاں کر رہے ہیں، اتحاد المجاہدین حافظ گل بہادر کی پرانی تنظیم ہے۔

واضح رہے کہ اب جبکہ حکومت ٹی ٹی پی کیساتھ مذاکرات میں مصروف ہے، ایسے میں اتحاد مسلح اسلامی مجاہدین نامی نئے دہشتگرد گروہ کا قیام یقینی طور پر حکومت وقت اور قومی سلامتی کے اداروں کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں۔ دہشتگرد گروہوں سے سختی سے نہ نمٹا گیا تو حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں، جس کی تازہ اور زندہ مثال ملاکنڈ کے خراب ہوتے حالات ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button