
سکیورٹی فورسز پہ دہشتگردوں کے حملے، 1 اہلکار شہید
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز پہ حملے کئے ہیں۔ ان حملوں کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیئے ہیں جبکہ ایک حملے میں اہلکار محمد کفیل شہید ہو گیا ہے۔ پہلا حملہ شمالی وزیرستان کے میر علی سب ڈویژن میں کیا گیا۔ جس میں دہشتگردوں نے علاقہ خیسور کتیرا میں گھات لگا کر سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا، اس حملے میں ایک سپاہی محمد کفیل موقع پہ ہی شہید ہو گیا جبکہ حملہ آور فرار ہو جانے میں کامیاب ہو گئے۔ دوسرے حملے میں شمالی وزیرستان کے میر علی سب ڈویژن میں شدت پسندوں نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ کو باوردی مواد سے اڑا دیا۔ گاؤں عیسوڑی میں بارودی مواد کا دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ آواز دور دور تک سنی گئی، تاہم اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سکیورٹی چیک پوسٹ بنوں میرانشاہ مین روڈ پتسی اڈہ احمد نور پیٹرول پمپ کے قریب واقع ہے۔ حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاہم آخری اطلاعات ملنے تک حملہ آوروں کی گرفتاری میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ملی تھی۔