پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کا ایل او سی کا دورہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور وادی میں بھارتی فوج کی جانب سے کیے جانے والے مظالم کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا عزم ظاہر کیا۔باکسر عامر خان کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے آج پاکستان پہنچے اور کشمیریوں کی آواز بننے کا عزم ظاہر کیا۔
زرائع کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے نامور باکسر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بچوں کو قتل کیا جا رہا ہے، بچے اسکول نہیں جا سکتے اور وہ بھارت کے انسانیت سوز مظالم کو دنیا کے سامنے لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں کی نسل کشی کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔بعدازاں نامور باکسر نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیریوں کی آواز بننے کے لیے لائن آف کنٹرول کا دورہ کررہے ہیں۔عامر خان نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں امن کے لیے عالمی سطح پر آواز اٹھائیں گے۔اس موقع پر نامور باکسر نے مکمل سپورٹ کرنے پر پاک فوج اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور سے خصوصی طور پر اظہار تشکر کیا۔