
پاراچنار، محرم الحرام کے حوالے سے امن کانفرنس کا انعقاد
شیعہ نیوز: ضلع کرم میں محرم الحرام کے دوران قیام امن اور بھائی چارے کی فضاء برقرار رکھنے، بین المسالک ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے کے لیے جی او سی نائن ڈویژن ذوالفقار علی بھٹی نے پاراچنار کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران گورنر کاٹیج پاراچنار میں منعقدہ محرم الحرام امن کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر بریگیڈئیر 73 بریگیڈ شہزاد عظیم، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرم نثار احمد خان، ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود، کرنل یوسف کے علاؤہ سیکرٹری انجمن حسینیہ جلال بنگش و دیگر علاقائی مشران اور مختلف مکاتب فکر کے لوگ بھی موجود تھے۔ امن کانفرنس میں محرم الحرام کے پرامن انعقاد بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور دنیا اسلام کی عظیم ہستی حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت اور فلسفہ پر بھی خصوصی روشنی ڈالی گئی۔
اس موقع پر علاقائی عمائدین نے امن کانفرنس سے خطابات کے دوران محرم الحرام میں امن و بھائی چارے کی فضاء قائم رکھنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کا اعادہ کیا۔ پولیس، پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے محرم الحرام کے حوالے سے اٹھائے گئے سکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا گیا۔ کانفرنس سے جی او سی نائن ڈویژن ذوالفقار علی بھٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلع کرم میں محرم الحرام کے دوران قائم امن کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں پرامن عاشورہ کو یقینی بنانے کیلئے مقامی پولیس فوج اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں ایک پیج پر ہے پُرامن فضاء میں خلل ڈالنے والے اور ریاستی مجرمان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور محرم میں کسی کو بھی پُرامن فضاء میں رخنہ انذازی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی انہوں نے کہا کہ صرف محرم کا مہینہ نہیں بلکہ پورا سال آمن ہونا چاہیے۔