کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کیلئے مکمل تیار ہیں، آرمی چیف
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاک فوج کے سپہ سالار نے کہا ہے کہ ہم مشرقی سرحد پر خطرے سے آگاہ ہیں اور کسی بھی ‘مس ایڈونچریا جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گلگت میں فارمیشن ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔بعدازاں چیف آف آرمی اسٹاف نے خطاب کیا، جس میں انہوں نے دنیا کے بلند ترین میدان جنگ پر موسمی، زمینی اور دشمن کے چیلنجز کے باوجود افسران اور جوانوں کی تیاری اور جذبے کی تعریف کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ مشرقی سرحد پر کسی بھی خطرے سے باخبر ہیں، اس خطرے کا تعلق مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال سے ہے اور ہم کسی بھی مس ایڈوینچر یا جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔