
خدمت خلق اور فلاح انسانیت ہماری دینی و اخلاقی ذمہ داری ہے، علامہ مقصود ڈومکی
جیکب آباد میں تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ معاشرے کی بہتری اور انسانیت کی خدمت اسی وقت ممکن ہے جب ہم علم کو عام کریں اور محروم طبقے کے بچوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کریں
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ تعلیم انسان کا زیور ہے۔ ملک میں آج بھی لاکھوں طلباء و طالبات بنیادی تعلیم سے محروم ہیں۔ غربت و افلاس کے سبب ہزاروں طلباء زیور تعلیم سے محروم ہیں۔ اہل خیر آگے بڑھ کر غریب اور مستحق طلباء کی حصول تعلیم میں مدد اور رہنمائی کریں۔ خدمت انسانیت عبادت ہے۔ یہ بات انہوں نے جیکب آباد کے مقامی اسکول میں اہل خیر کے تعاون سے دس غریب اور مستحق بچوں میں کتابیں اور کاپیاں تقسیم کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ اس فلاحی اقدام کا مقصد کم وسائل رکھنے والے بچوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور علم کے فروغ میں مدد دینا تھا۔ تقریب میں ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، حاجی سیف علی، میر منیر حسین ڈومکی اور جمیل احمد نے شرکت کی۔ جنہوں نے بچوں میں تعلیمی سامان تقسیم کیا۔
یہ بھی پڑھیں: یکم مئی کی طرح غزہ کے مزدوروں کے نام بھی ایک دن منسوب کیا جائے، علامہ ساجد نقوی
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ تعلیم انسان کا زیور اور ترقی کی اولین سیڑھی ہے۔ معاشرے کی بہتری اور انسانیت کی خدمت اسی وقت ممکن ہے جب ہم علم کو عام کریں اور محروم طبقے کے بچوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خدمت خلق اور فلاحِ انسانیت ہماری دینی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ جو قومیں اپنے بچوں کو تعلیم دیتی ہیں، وہی ترقی و بیداری کی راہوں پر گامزن ہوتی ہیں۔ اس موقع پر میر منیر حسین ڈومکی نے بھی خدمت انسانیت اور فروغ تعلیم کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں معاشرے میں شعور، یکجہتی اور خدمت کے جذبے کو فروغ دیتی ہیں۔ آخر میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مستقبل میں بھی تعلیمی، فلاحی اور رفاہی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کیا جا سکے۔