اسلامی جمہوریہ ایران فوجی صنعت میں خوکفیل ہے,بریگیڈیئر سید مہدی فرحی
شیعہ نیوز:اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر دفاع بریگیڈیئر سید مہدی فرحی نے پیر کی شام کو تہران کی شہید رجائی یونیورسٹی میں شہید جنرل حسن طہرانی مقدم کی بارھویں برسی کی مناسبت سے منعقدہ ایک پروگرام میں کہا کہ آج سبھی مسلمانوں کے دل غزہ کے عوام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کی وجہ سے مجروح اورغمگین ہیں۔
انھوں نے کہا کہ حق و باطل کی جنگ میں یزید وقت کے مقابلے میں کامیابی استقامتی قوتوں کو ملے گی۔
بریگیڈیئر سید مہدی فرحی نے شہید جنرل طہرانی مقدم کے بارے میں کہا کہ وہ ایسی فوجی طاقت کے طرفدارتھے جس کے ذریعے وحشی دشمنوں کے مقابلے میں استقامت کے ساتھ ڈٹا جاسکے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر دفاع نے کہا کہ سامراجی طاقتیں اپنے خوبصورت ظاہر کے برخلاف جنگل کا قانون چلاتی ہیں، بنابریں ہمیں ان کے مقابلے میں اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لئے فوجی لحاظ سے طاقتور بننے کی ضرورت ہے۔
بریگیڈیئر سید مہدی فرحی نے ملک کو میزائلی طاقت بنانے کے ساتھ ہی دیگر فوجی صنعتوں میں بھی شہید طہرانی مقدم کی خدمات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج ایران کے پاس سیکڑوں طہرانی مقدم موجود ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ایک دن وہ تھا جب دنیا ہمیں خاردار تار بھی نہیں دے رہی تھی لیکن آج ہم نے فوجی صنعت میں اتنی ترقی اور پیشرفت کرلی ہے کہ گزشتہ سال ہم نے تقریبا ایک ارب ڈالر کی فوجی مصنوعات دوسرے ملکوں کو برآمد کیں۔