یمن کی موجودہ صورتحال عالمی استعماری سازشوں کا نتیجہ ہے، سینیٹر حافظ حمد اللہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جمعیت علمائے اسلام کے سینیٹرحافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ استعماری قوتیں مذموم مقاصد کیلئے امت مسلمہ کو فرقہ وارانہ فسادات کی آگ میں جھونکنے کی سازشیں کر رہی ہیں اور یمن کی موجودہ صورتحال ان ہی سازشوں کا نتیجہ ہے ، حکومت اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے ، اگر حکومت چاہے تو جے یو آئی کے قائد مولانا فضل الرحمن یمن بحران کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر کے السادات ہاؤس میں سید محمد آغا ایوب شاہ کے ہمراہ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر حافظ حمد اللہ کا مزید کہنا تھا کہ یمن کا مسئلہ عالمی مسئلہ ہے اس لئے جلد بازی میں کوئی بھی فیصلہ کرنا درست نہیں ،یمن کی صورتحال امت مسلمہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے ،عالم اسلام کو مل بیٹھ کر سوچنا ہوگا اور پاکستان کو خاموش تماشائی کے بجائے قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن کے بعد سعودی عرب ، ایران اور پھر پاکستان بھی عالمی استعماری قوتوں کے نشانے پر ہونگے اس لئے ان سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے اسلامی ممالک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھی ایک عرصہ سے قومی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی سازش ہو رہی ہے لیکن جے یو آئی ان سازشوں کو ناکام بنانے کی کامیاب جدوجہد کر رہی ہے ،اس موقع پر صوبائی رہنما مولانا عبدالحق مہر ، ابو جنید چوہان و دیگر بھی موجود تھے ۔