Uncategorized

عبدالستار ایدھی سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )دکھی انسانیت کے خادم اور بین الااقوامی شہرت یافتہ معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ ایدھی ویلیج میں سپردِ خاک کردیا گیا۔

زرائع کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں عبدالستار ایدھی کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی جہاں مولانا احمد خان نیازی نے ان کی نمازِ جنازہ پڑھائی، صدر ممنون حسین، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں کی بڑی تعداد نمازِ جنازہ میں شریک تھی۔اس موقع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری اسٹیڈیم کے اندر اور باہر تعینات تھی۔نماز جنازہ کے باعث نیشنل اسٹیڈیم کی جانب جانے والی تمام شاہراہیں کنٹینرز لگا کر بند کردی گئی تھیں جبکہ سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔بابائے خدمت کے جنازے میں شرکت کے لیے سندھ سمیت دوسرے صوبوں سے بھی لوگ کراچی آئے جبکہ نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی، پاک سرزمین پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

عبد الستار ایدھی طویل عرصے سے گردوں کے مرض میں مبتلا تھے، ایک روز قبل انہیں طبیعت مزید خراب ہونے پر سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ گزشتہ رات انتقال کر گئے تھے، ان کی عمر 88 برس تھی۔انتقال کے بعد عبدالستار ایدھی کی میت میٹھادر میں واقع ایدھی ہیڈکوارٹر منتقل کی گئی، جہاں مرحوم کے آخری دیدار کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی۔

معروف سماجی رہنماء کی میت دوپہر کے وقت نیشنل اسٹیڈیم لے جانے کا انتظام کیا گیا۔میت قبرستان لے جانے کے لیے 2 روٹس کا انتظام کیا گیا جبکہ نماز جنازہ میں شرکت کے لیے شہریوں کی آمد دن 11 بجے سے ہی شروع ہوگئی تھی۔نمازِ جنازہ کے موقع پر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے بھی اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد پاک فوج کی جانب سے توپوں کی سلامی بھی دی گئی، پاک فوج کے ترجمان کے مطابق ان کو 19 توپوں کی سلامی دی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button