کراچی میں ہندو برادری کا محرم الحرام کے احترام میں مذہبی تہوار ’’نوراتری‘‘ نہ منانے کا اعلان
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ہندو کمیونٹی نے محرم الحرام کے احترام میں مذہبی تہوار ’’نوراتری‘‘ نہ منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں بسنے والی ہندو کمیونٹی کے مذہبی تہوار ’’نوراتری‘‘ کی تقریبات سوامی نرائن مندر میں منعقد ہونا تھیں، لیکن ہندو برادری نے محرم الحرام کے احترام میں اپنے مذہبی تہوار نوراتری نہ منانے کا اعلان کیا ہے، جبکہ رواں سال مذہبی کھیل ’’رام لیلا‘‘ بھی پیش نہیں کیا جائے گا۔ سوامی نرائن مندر کے نائب صدر کرشن لعل کا کہنا تھا کہ ہندو برادری کی بڑی تعداد رام لیلا دیکھنے کیلئے مندر آتی ہے، لیکن محرام الحرام کے احترام کے پیش نظر رام لیلا نہ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان ہمارے بھائی ہیں، اسی لئے ہم ان کا احترام کرتے ہیں اور وہ ہمارے تہواروں کا احترام کرتے ہیں، لہٰذا اس سال ’’راون‘‘ کے پتلے کو بھی نذر آتش نہیں کیا جائے گا۔