لوڈشیڈنگ جاری رہی تو کراچی کی عوام سڑکوں پر احتجاج کرتی نظر آئے گی، علامہ ناظر تقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ نے گرمی کے اس موسم میں عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے، گھنٹوں گھنٹوں مختلف علاقوں میں بجلی کا نہ ہونا حکومت اور کے الیکٹرک کے ادارے کی کارکردگی پر پر سوالیہ نشان ہے، عوام جو پہلے ہی بنیادی سہولیات سے محروم تھی، کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی جیسی نعمت سے بھی محروم ہے، اگر حکومت اور کے الیکٹرک کا یہی حال رہا تو بہت جلد کراچی کی عوام سڑکوں پر احتجاج کرتی نظر آئے گی۔
اپنے بیان میں علامہ ناظر تقوی نے مزید کہا کہ شہر کراچی میں ترقیاتی کام کا ہونا بہت اچھی بات ہے، لیکن ایک ساتھ ہی پورے شہر کی سڑکوں کو کھود دینے سے شہریوں کو سفر کرنے میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں، منٹوں کا سفر گھنٹوں میں تبدیل ہوگیا ہے، اگر حکومت کو ترقیاتی کام کروانے تھے تو پہلے شہریوں کیلئے متبادل راستے کا بندوبست کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی تمام اہم شاہراہوں پر گھنٹوں عوام ٹریفک جام میں پھنسے رہتے ہیں اور ٹریفک وارڈن بھی عوام کو سفری سہولیات دینے سے قاصر نظر آتے ہیں، یہ تمام مسائل حکومت کی ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے پیش آرہے ہیں، ہم وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے متعلقہ اداروں پر زور دیں، تاکہ عوام جو شدید اذیت کا شکار ہے، اُس کو ریلیف مل سکے۔