لاہور، بشارت عظمیٰ کانفرنس کے بعد ولایت عظمیٰ کانفرنس کا انعقاد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ واعظین و ذاکرین کی جانب سے امام بارگاہ قصر بتول ؑ لاہور میں جمعہ کو ولایت عظمیٰ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس کے شرکا نے مشن ولاء و عزا ، حرمتِ سادات،احترام مرجعیت اور ملتِ جعفریہ کے دینی حقوق کیلئے قیادت کےحکم پر لبیک کہنے اور آمدہ محرم الحرام ایام عزا کے موقع پر انکے ضابطہ عزاداری پر بھر پور عمل کرنے کے عہدکا اعادہ کیا ہے۔تحریک تحفظِ ولا و عزا و حرمتِ سادات کے زیر اہتمام ہونیوالی کانفرنس میں علامہ آصف رضا علوی نے اعلامیہ پیش کرتے ہوئے حکومت سے عزاداری کی راہ میں انتظامی پابندیاں ختم کرنے اور متحدہ علماء بورڈ پنجاب میں حقیقی نظریاتی شیعہ نمائندگی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ اعلامیہ میں حکومتِ پنجاب کے علمابورڈ کی جانب سے ذاکرین ، واعظین کے خلاف غیر منصفانہ فیصلوں اور ناروا پابندیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے علماء بورڈ کی جانب سے پابندیوں کی سفارشات کو مسترد کرنے کا اعلان کیا۔
مختلف شیعہ مدارس کے علماء نے بھی کانفرنس میں بھر پور شرکت کی ۔اعلامیہ میں واضح کیا گیا کہ علماء ،ذاکرین ، بانیان مجالس و عزادارانِ مظلوم کربلا کے نزدیک اصول دین ، توحید ، عدل ، نبوت ، امامت ، قیامت مذہب حقہ کی اساس ہے ،معجزات آئمہ اطہار اور ولایت تکوینیہ کو دل و جان سے مانتے ہیں ، یا علی ؑ مدد کی مخالفت کو انکار ولایت معصومین ؑ مانتے ہیں، فروعات دین نماز روزہ، حج ذکوۃ، خمس جہاد، امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا انکار کفر ہے،اعلامیے میں یہ بات زوردیکر کہی گئی کہ عقائد امامیہ اور ضروریات دین سے منحرف ہونے والے افراد سے ہمارا کو ئی تعلق نہیں ، عزاداری سید الشہدا سے متعلق شعائر شہ رگ تشیع ہیں جن کاانکار کرنیوالے شیعیت سے خارج ہیں۔
اعلامیہ میں ولاء و عزا کی طرح حرمتِ سادات اور احترام مرجعیت کو بھی ضروریاتِ دین کا لازمی جزو قراردیتے ہوئے انکے مخالفین کی پر زور مذمت کی گئی اور ان سے بھر پور بیزاری کا اعلان کیا گیا۔