Uncategorized

نام نہاد اسلامک ملٹری الائنس نے برما کے مسئلہ پر منہ اور آنکھوں پر پٹی باندھ رکھی ہے، علامہ حسن ظفر نقوی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میانمار میں جاری مسلم نسل کشی پر اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی قوتوں کی خاموشی انسانیت کی تضحیک اور بدترین بے حسی ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی سیکرٹری سیاسیات علی حسین نقوی، علامہ مبشر حسن، علامہ صادق جعفری، علامہ اظہر نقوی اور میر تقی ظفر بھی موجود تھے۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ روہنگیا میں مسلمانوں کے قتل عام کا سلسلہ برمی حکومت کی سرپرستی میں گزشتہ کئی سالوں سے جاری ہے، رواں ماہ میں انسانیت سوز مظالم نے جو شدت اختیار کی ہے اس کے تاریخ میں مثال نہیں ملتی، زندہ خواتین، نومولود اور کمسن بچوں کے جسمانی اعضاء کاٹنے کی وڈیوز نیٹ پر موجود ہیں، نوجوانوں کے ہاتھ پاوں باندھ کر انہیں اذیت ناک انداز میں موت کے گھاٹ اتارا جا رہا ہے، روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی اور انسانیت سوز سلوک کے روح فرسا مناظر درندگی کی بدترین تاریخ رقم کر رہے ہیں، عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہزاروں مسلمان موت کے گھاٹ اتارے جا چکے ہیں، برما کی حکومت کی طرف سے مسلمانوں کو کسی قسم کا تحفظ دینے کی بجائے قتل عام میں ملوث مذموم عناصر کی حوصلہ افزائی بڑھتے ہوئے انسانیت سوز واقعات کی بنیادی وجہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یورپ کے کسی ملک میں دہشت گردی کے عام سے واقعہ کے بعد پوری دنیا کے امن کو تہس نہس کر دیا جاتا ہے، ملالہ پر گولی چلنے کے درد سے اقوام عالم کے سینے میں ٹیسیں اٹھنے لگتی ہیں مگر افسوس میانمار میں ہزاروں مسلمانوں کا خاک و خون میں تڑپنا کسی کو دکھائی نہیں دے رہا، سامراجی طاقتوں کی یہ دانستہ چشم پوشی امت مسلمہ سے متعصبانہ رویئے کا برملا اظہار اور قابل مذمت ہے۔

علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ اس مسئلہ پر مسلم ممالک کی طرف سے جس غیر سنجیدگی کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا رہا ہے وہ بھی انتہائی افسوسناک ہے، برمی سفارت کار کو طلب کرکے محض سرزنش کرنے کو بھی غیر ضروری سمجھا جا رہا ہے، امت مسلمہ کے مفادات کے تحفظ کے لئے تشکیل دیئے جانے والے اسلامک ملٹری الائنس نے برما کے مسئلہ پر منہ اور آنکھوں پر پٹی باندھ رکھی ہے، کیا مسلمانوں کے انتالیس ممالک مل کر بھی ان مٹھی بھر اسلام دشمنوں کو ان کے غیر انسانی اقدام سے باز رکھنے کی جرات نہیں رکھتے، اگر اس اتحاد کا مقصد سعودی حکمرانوں کے مفادات کا تحفظ ہے تو پھر اس کا نام اسلامی فوجی اتحاد کی بجائے اپنے مقصد سے ہم آہنگ ہونا چاہیئے، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور مسلمانوں کے حقوق کے ٹھکیدار ممالک کی طرف سے روہنگیا مسلمانوں کے مسائل سے عدم دلچسپی کا اظہار اس امر کا عکاس ہے کہ ان ممالک کے اہداف اور مقاصد مختلف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان تمام مسلم ممالک کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں جو برما کے مسئلے پر ابھی تک خاموش ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین نے روہنگیا مسلمانوں کی حمایت میں ”حمایت مظلومین تحریک“ کا اعلان کیا ہے، 8 ستمبر جمعہ کے روز میانمار کے مسلمانوں کے حق میں ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی جائیں گی، جن کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی و صوبائی رہنما کریں گے۔ اس کے علاوہ مختلف شہروں میں سمینار اور اجلاس بھی منعقد کئے جائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button