کراچی، القاعدہ کمانڈر سمیت 5 مبینہ دہشتگرد واصل جہنم
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبرر ساں ادارہ) اورنگی ٹاون میں پولیس کے انسداد دہشت گردی کے ڈیپارٹمنٹ سے مقابلے میں القاعدہ کراچی کے کمانڈر سمیت پانچ دہشت ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد اور خودکش جیکٹس برآمد کر لی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ پولیس نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر اورنگی ٹاون کے علاقے خیرآباد میں چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ پولیس اور ملزمان میں آدھے گھنٹے تک دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے پانچ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ انسدادِ دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ کے انچارج راجہ عمر خطاب کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں القاعدہ کراچی کا کمانڈر نورالحسن عرف ہاشم، ابراہیم عرف اویس، عثمان عرف عرفان اور دو نامعلوم خودکش حملہ آور شامل ہیں۔ راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد گذشتہ مہینے نارتھ ناظم آباد میں رینجرز پر ہونے والے خودکش حملے میں ملوث تھے۔ ملزمان کے قبضے سے تین خودکش جیکٹس، پریشر ککر بم اور بھاری مقدار میں بارودی مواد اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔