شیعہ سنی اسلام کے دو بازو ہیں، ان کا اتحاد ہی امت کہلائے گا، اعجاز ہاشمی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ تحریک حرمت رسول کی تنظیم نو خوش آئند ہے، جس میں کہ قائد اہل سنت مولانا شاہ احمد نورانی مرحوم کے صاحبزادے شاہ اویس نورانی کو صدر اور مولانا امیر حمزہ کو جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا ہے۔ جے یو پی کی کوشش ہو گی کہ اس پلیٹ فارم کو وسعت دی جائے تاکہ جن طبقات کی نمائندگی نہیں انہیں بھی شامل کیا جائے اور یہ اُمت محمدیہ کا حقیقی معنوں میں مشترکہ پلیٹ فارم کہلا سکے۔ لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ اتحاد امت وقت کی ضرورت ہے، مسلمان اس وقت جن حالات کا شکار ہیں، ان کا تقاضا ہے کہ فرقہ وارانہ سوچ ختم کر کے اتحاد و وحدت کی فضا کو عام کیا جائے تاکہ امت واقعی جسد واحد کا نمونہ قرار پائے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک حرمت رسول میں کسی ایک مسلک کی نمائندگی نہ ہونے کا مطلب ہے کہ یہ پلیٹ فارم ادھورا ہے، اس کی تکمیل کے لئے ضروری ہے کہ ہم اس میں ان جماعتوں کو بھی شامل کریں جو پہلے کسی بھی وجہ سے باہر ہیں۔ ا ن کا کہنا تھا کہ شیعہ سنی اسلام کے دو بازو ہیں، ان کا اتحاد ہی امت کہلائے گا، دونوں میں تفرقہ پید ا کرنے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں، جو نہیں چاہتے کہ مسلمان ایک قوت بنیں۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ گستاخانہ خاکے یورپ کی دہشت گردی ہے، ایسے واقعات نے غیرت مسلم کو للکارا گیا ہے، اس کا مقابلہ باہمی اتحاد ہی سے ممکن ہے، تحریک حرمت رسول سے اس تحریک کو بھر پور انداز سے چلائیں گے۔