سرگودہا، حضرت امام حسینؑ کے چہلم کے موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کا فیصلہ، پلان جاری کر دیا گیا
شیعہ نیوز ( پاکستابی شیعہ خبر رساں ادارہ ) پاکستان بھر کی طرح سرگودہا میں بھی حضرت امام حسینؑ کے چہلم کے موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کا فیصلہ، پلان جاری کر دیا گیا، جس پر آج سے ہی عملدرآمد شروع ہو گا۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جلوس کے راستوں اور عمارتوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ان میں رہائش پذیر افراد کو سختی سے پابند کیا جا رہا ہے کہ وہ دوران جلوس چھتوں پر چڑھنے سے گریز کریں اور اپنی کھڑکیاں وغیرہ بند رکھیں۔ جلوس کے راستوں کی آج مکمل ٹیکنکل سویپنگ کی جائے گی۔
چہلم کا مرکزی جلوس بلاک 14 اور بلاک 15 کی درمیانی سڑک سے نکالا جائیگا، جو اپنے مقررہ راستوں آزاد روڈ، گولچوک، کچہری بازار، امین بازار، محمدی بازار، مسلم بازار سے ہوتا ہوا بلاک نمبر 19 امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوگا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس موقع پر سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ساڑھے چار سو سے زائد پولیس افسران و ملازمین کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں، جبکہ امن کمیٹی کے ممبران کو بھی فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جلوس کے راستوں میں آنیوالے تمام بازار بند رہیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جاسکے۔